NABکا بڑا ایکشن، خزانہ گرینز پشاور سے 1.86 ارب روپے مالیت کی زمین واگزار

12 ستمبر ، 2026

پشاور (ارشد عزیز ملک)قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا نے پشاور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی خزانہ گرینز سے عوامی سہولیات کے لیے مختص 66 کنال 11 مرلہ ایمنٹی اراضی واپس حاصل کرکے ٹی ایم اے شاہ عالم کے نام منتقل کردی۔ واپس حاصل کی گئی اراضی کی موجودہ مارکیٹ ویلیو 1 ارب 86 کروڑ 34 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔نیب خیبر پختونخوا کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں مختص ایمنٹی پلاٹس کی واپسی اور انہیں متعلقہ مقامی ریگولیٹری اداروں کے حوالے کرنے کے لیے LUBCA کے ساتھ مل کر کارروائیاں جاری ہیں۔اسی سلسلے میں موزہ خزانہ، تحصیل شاہ عالم، ضلع پشاور میں واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی خزانہ گرینز کی 66 کنال 11 مرلہ اراضی کامیابی سے منتقل اور ٹی ایم اے شاہ عالم، پشاور کے حق میں میوٹیشن کردی گئی۔ اراضی کی موجودہ مارکیٹ ویلیو 1.86 ارب روپے ہے۔نیب کے مطابق نجی ہاؤسنگ اسکیموں میں شہری سہولیات کے لیے مختص اراضی کو متعلقہ سرکاری ریگولیٹری اداروں کے حوالے کرنے کا عمل جاری رہے گا تاکہ پارکس، سڑکوں، قبرستانوں اور دیگر عوامی سہولیات کے لیے مختص زمین کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔