نیب کے 179 میگا کرپشن کیسز، اب تک صرف 2 سزائیں

12 ستمبر ، 2026
انصار عباسی
اسلام آباد :قومی احتساب بیورو (نیب) کے بڑے پیمانے پر تشہیر کردہ 179 میگا کرپشن کیسز میں اب تک صرف 2 سزائیں سنائی جا سکی ہیں، جبکہ 21 ریفرنسز میں ٹرائل جاری ہے۔ یہ تازہ ترین اعداد و شمار نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سید احتشام قادر نے خصوصی طور پر دی نیوز کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔ مقدمات کی تازہ ترین صورتحال سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس وقت نیب کے ریکارڈ میں 86 ریفرنسز درج ہیں جن میں سے 41 نیب کے قانون میں تبدیلیوں کے باعث منتقل یا واپس کیے جا چکے ہیں، 21 میں ٹرائل جاری ہے، 6 مقدمات بریت پر ختم ہو چکے ہیں، 3 واپس لیے جا چکے ہیں، ایک نمٹا دیا گیا، ایک زیرِ تفتیش ہے، 4 غیر فعال ہیں، 2 ختم ہو چکے ہیں جبکہ 5 اپیل کے مرحلے میں ہیں۔ اب تک صرف 2 مقدمات میں سزائیں سنائی گئی ہیں۔ سید احتشام قادر نے مقدمات کے نمٹائے جانے میں تاخیر کی ایک وجہ نیب سے متعلق قانونی ڈھانچے میں ہونے والی تبدیلیوں کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاخیر نئی قانون سازی کی وجہ سے ہوئی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اسے مکمل طور پر فعال ہونے میں تقریباً 3 سال لگے۔ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل گزشتہ 5 سے 6 سال کے دوران احتساب کے قانون میں ہونے والی مسلسل قانون سازی کی تبدیلیوں کے اثرات کا حوالہ دے رہے تھے، جنہوں نے مقدمات کی کارروائی کو متاثر کیا اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مکمل طور پر نافذ العمل ہونے میں خاصا وقت لیا۔ 179 کیسز اس وقت سے عوامی اور سیاسی دلچسپی کا نمایاں موضوع رہے ہیں جب نیب نے 2015 میں سپریم کورٹ کے سامنے ان کی تفصیلات پیش کی تھیں۔ تازہ ترین اعداد و شمار ان مقدمات کی ایک دہائی سے زائد عرصے بعد موجودہ صورتحال پیش کرتے ہیں، جنہیں ابتدا میں میگا کرپشن کیسز قرار دیا گیا تھا۔ تازہ ترین علاقائی تقسیم کے مطابق، کراچی میں 21 ریفرنسز، اسلام آباد راولپنڈی میں 26، لاہور میں 15، خیبر پختونخوا میں 19 اور بلوچستان میں 5 ریفرنسز ہیں۔ اسلام آباد راولپنڈی سے متعلق 26 ریفرنسز میں سے 4 میں ٹرائل جاری ہے، 12 منتقل یا واپس کیے جا چکے ہیں، 5 میں بریت ہو چکی ہے، ایک واپس لے لیا گیا، 2 غیر فعال ہیں جبکہ 2 ختم ہو چکے ہیں۔ کراچی میں 5 مقدمات میں ٹرائل جاری ہے، 12 منتقل یا واپس کیے جا چکے ہیں، ایک میں سزا ہو چکی ہے، ایک نمٹا دیا گیا جبکہ 2 اپیل کے مرحلے میں ہیں۔ لاہور میں 2 مقدمات میں ٹرائل جاری ہے، 7 منتقل یا واپس کیے جا چکے ہیں، ایک میں سزا ہوئی، ایک میں بریت ہوئی، 2 واپس لے لیے گئے، ایک مقدمہ غیر فعال ہے جبکہ ایک اپیل کے مرحلے میں ہے۔ خیبر پختونخوا میں 9 مقدمات میں ٹرائل جاری ہے، 8 منتقل یا واپس کیے جا چکے ہیں جبکہ 2 اپیل کے مرحلے میں ہیں۔ بلوچستان میں ایک مقدمے میں ٹرائل جاری ہے، 2 منتقل یا واپس کیے جا چکے ہیں، ایک زیرِ تفتیش ہے اور ایک غیر فعال ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ 41 مقدمات، جو موجودہ حیثیت کے حامل 86 ریفرنسز کا تقریباً نصف ہیں، منتقل یا واپس کیے جا چکے ہیں، جس کی وجہ سے یہ سب سے بڑی کیٹیگری بنتی ہے۔ یہ صورتحال نیب کے مقدمات سے متعلق طویل قانونی اور قانون سازی کی تاریخ کے پس منظر میں سامنے آئی ہے۔ قومی احتساب آرڈیننس میں بار بار ترامیم اور بعد ازاں ان تبدیلیوں کیخلاف ہونے والی قانونی کارروائی نے متعدد مقدمات میں قانونی دفعات کے اطلاق اور کارروائی کے تسلسل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا کی۔ چنانچہ سپریم کورٹ کے فیصلے اور اس کے بعد ہونے والی قانون سازی کی پیش رفت ان مقدمات کے انجام اور کارروائی کی رفتار کے تعین میں اہم عوامل بن گئے جو برسوں سے زیرِ التوا تھے۔ نیب کے تازہ ترین اعداد و شمار سے یوں ظاہر ہوتا ہے کہ 179 میگا کیسز کو نمایاں کیے جانے کے ایک عشرے سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اب تک صرف 2 سزائیں سنائی گئی ہیں، جبکہ درجنوں ریفرنسز قانونی کارروائی کے مختلف مراحل میں ہیں یا انہیں منتقل، واپس یا کسی اور طریقے سے نمٹایا جا چکا ہے۔ یہ اعداد و شمار ان میگا کیسز کے طویل قانونی سفر کو اجاگر کرتے ہیں، جبکہ استغاثہ کا مؤقف ہے کہ قانون میں ہونے والی تبدیلیوں اور نئے قانونی نظام کو مکمل طور پر فعال ہونے میں لگنے والے وقت نے تاخیر میں نمایاں کردار ادا کیا۔