سرکاری ملازمین کی دورانِ ملازمت وفات /شہداکے خاندانوں کیلئے امداد ی پیکیج میں اضافہ

12 ستمبر ، 2026

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) وزیر اعظم نے سرکاری ملازمین کی دورانِ ملازمت وفات اور سیکیورٹی واقعات میں شہید ہونے والے ملازمین کے خاندانوں کیلئے مالی امداد کے پیکج میں بڑے اضافہ کی منظوری دیدی ۔وزیراعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے آفس میمورنڈم جاری کردیا ،نظرثانی شدہ پیکیج 28 اگست 2026ء سے نافذ العمل ہو گا، آفس میمورنڈم کے مطابق شہید ملازمین کے ورثا کو گریڈ کے حساب سے 1 کروڑ سے 2 کروڑ روپے تک لمپ سم گرانٹ دی جائے گی، بی ایس 1 تا 10 کیلئے ایک کروڑ، بی ایس 11 تا 15 کیلئے ایک کروڑ 25 لاکھ، بی ایس 16 تا 17 کیلئے ایک کروڑ 50 لاکھ، بی ایس 18 تا 19 کیلئے ایک کروڑ 80 لاکھ جبکہ بی ایس 20 اور اس سے اوپر کے ملازمین کے ورثا کیلئے 2 کروڑ روپے مقرر کیے گئے ہیں، شہید ملازم کے خاندان کو سپر انویویشن تک مکمل تنخواہ اور الاؤنسز، بشمول ایڈہاک ریلیف، جاری رہیں گے، جبکہ ریٹائرمنٹ پر متعلقہ پنشن قواعد کے مطابق مکمل پنشن دی جائے گی، بی ایس 18 اور اس سے اوپر کے شہید ملازمین کے خاندان کو 1300 سی سی گاڑی یا اس کے مساوی رقم جبکہ بی ایس 16 اور 17 کے خاندان کو 1000 سی سی گاڑی یا مساوی رقم فراہم کی جائے گی، مکان کی خریداری کیلئے بی ایس 1 تا 10 کے ورثا کو ایک کروڑ 35 لاکھ، بی ایس 11 تا 15 کو ایک کروڑ 75 لاکھ، بی ایس 16 تا 17 کو 2 کروڑ 50 لاکھ، بی ایس 18 تا 19 کو 3 کروڑ جبکہ بی ایس 20 اور اس سے اوپر کے ورثا کو 5 کروڑ روپے تک فراہم کیے جائیں گے، حکومت شہید ملازمین کے بچوں کو پوسٹ گریجویشن تک مفت تعلیم فراہم کرے گی اور تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کرے گی، بیوہ یا بچوں میں سے کسی ایک کو بغیر اشتہار کے بی ایس 1 تا 15 میں مستقل ملازمت بھی دی جائے گی۔، شہید ملازمین کے خاندانوں کو مفت طبی سہولیات فراہم ہوں گی، جبکہ ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس اور موٹر سائیکل ایڈوانس کی بقایا رقم بھی معاف کردی جائے گی، دورانِ ملازمت قدرتی یا عمومی وفات کی صورت میں بی ایس 1 تا 4 کے ورثا کیلئے 6 لاکھ، بی ایس 5 تا 10 کیلئے 9 لاکھ، بی ایس 11 تا 15 کیلئے 12 لاکھ، بی ایس 16 تا 17 کیلئے 15 لاکھ، بی ایس 18 تا 19 کیلئے 24 لاکھ جبکہ بی ایس 20 اور اس سے اوپر کیلئے 30 لاکھ روپے لمپ سم گرانٹ مقرر کی گئی ہے، پلاٹ کی خریداری کیلئے بھی گریڈ کے حساب سے رقم دی جائے گی، بی ایس 1 تا 8 کیلئے 20 لاکھ، بی ایس 9 تا 16 کیلئے 50 لاکھ جبکہ بی ایس 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کے ورثا کیلئے 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، وفات پانے والے ملازم کے خاندان کو 100 فیصد پنشن دی جائے گی، اگر ملازم کی سروس 10 سال سے کم ہو تو بھی پنشن کا حساب کم از کم 10 سالہ سروس کی بنیاد پر کیا جائے گا، سرکاری رہائش یا کرائے کے مکان کی سہولت بھی ریٹائرمنٹ کی مقررہ عمر یا کم از کم 5 سال، جو بھی زیادہ ہو، تک جاری رہے گی، دورانِ ملازمت حادثاتی موت کی صورت میں بی ایس 1 تا 10 کیلئے 30 لاکھ، بی ایس 11 تا 15 کیلئے 40 لاکھ، بی ایس 16 تا 17 کیلئے 45 لاکھ، بی ایس 18 تا 19 کیلئے 50 لاکھ جبکہ بی ایس 20 اور اس سے اوپر کے ملازمین کیلئے 70 لاکھ روپے لمپ سم گرانٹ مقرر کی گئی ہے، معذوری کی صورت میں بھی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔