فیصل آباد، 2 وفاقی وزراء سمیت ن لیگ کے 51 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، مریم نواز کی ریلی کے دوران سڑکیں بند کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام

12 ستمبر ، 2026

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) مقامی عدالت نے 2 وفاقی وزراء سمیت مسلم لیگ ن کے 51 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ان رہنماؤں کے خلاف 2019ء میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی ریلی کے دوران سڑکیں بند کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس مقدمہ میں عدالت نے تھانہ فیکٹری ایریا کے ایس ایچ او کو حکم دیا ہے کہ وہ ملزمان کو کیس کی اگلی سماعت پر 12 اکتوبر کو لازمی عدالت میں پیش کرے۔ جن رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں ان میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک بھی شامل ہیں۔ دیگر نمایاں شخصیات میں ایم این اے شہباز بابر، ایم پی اے راؤ کاشف رحیم اور جعفر علی ہوچہ، سابق ایم این اے حاجی اکرم انصاری، میاں عبدالمنان، میاں جاوید لطیف، میاں قاسم فاروق اور اعجاز ورک شامل ہیں۔