اسلام آباد (عاصم جاوید) اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بنچ نے تمام صوبائی حکومتوں کو اسلام آباد کی طرف احتجاج، ریلی یا لانگ مارچ کیلئے سرکاری مشینری اور وسائل استعمال نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ دوران سماعت عدالت نے آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کو روسٹرم پر طلب کیا اور ان سے احتجاج سے متعلق جمع کرایا گیا بیان حلفی پڑھنے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اگر کوئی غیر قانونی یا غیر آئینی اجتماع ہوتا ہے تو کیا اسے روکا جائیگا؟ آئی جی نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ کوئی غیر قانونی اقدام یا پیش قدمی ہوئی تو اسے ہر صورت روکا جائیگا۔عدالت نے قرار دیا ہے کہ کسی بھی شخص، سیاسی جماعت، سیاسی قیادت یا پبلک آفس ہولڈر کو سڑکیں، کاروبا بند کرنے اور ٹول پلازے یا عمارتوں پر قبضہ کرنے کا اختیار نہیں ہے، جس سے عام آدمی کی نقل و حرکت متاثر ہو، یا اسکول اور ہسپتال تک رسائی ممکن نہ رہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ تمام صوبائی چیف سیکرٹریز اور وزرائے اعلیٰ اس بات کو یقینی بنائیں کہ احتجاج میں سرکاری مشینری، سرکاری گاڑیاں، سرکاری فنڈز یا سرکاری افسران احتجاج میں استعمال نہ ہوں، کسی سرکاری ملازم کو مارچ، جلوس یا ریلی میں شرکت پر مجبور نہ کیا جائے، کوئی سرکاری افسر کسی احتجاج یا ریلی پر زبردستی مجبور کرنے والے آرڈر پر عملدرآمد نہ کرے، اگر کسی افسر کو مجبور کیا جائے تو وہ صوبائی چیف سیکرٹری کو بتائے، اسلام آباد میں ایسی صورت میں چیف کمشنر یا آئی جی کو مطلع کیا جائے، صوبوں کے چیف سیکرٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد اور انسپکٹر جنرلز فوری طور پر ہیلپ لائن قائم کریں۔ افسران اپنے ماتحتوں کو اسلام آباد کی طرف احتجاج یا مارچ میں شریک نہ ہونے دیں۔ اسلام آباد انتظامیہ اور وزارت داخلہ شہریوں کے آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں۔ عدالت نے مختصر فیصلے میں مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی حقوق سے متصادم کوئی بھی سرگرمی آئین کی خلاف ورزی تصور ہو گی، کسی پبلک آفس ہولڈر نے اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی حقوق سے متصادم کوئی سرگرمی کی تو سمجھا جائیگا کہ اس نے آئین اور اپنے حلف کی خلاف ورزی کی، آئین اور قانون کے مطابق اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ گزشتہ روز تاجر وقاص احمد کی جانب سے 27 ستمبر کو پی ٹی آئی کے مجوزہ احتجاج اور لانگ مارچ کیخلاف درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل تین رکنی لارجر بنچ نے کی۔ اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔ دونوں افسران نے عدالت کی جانب سے طلب کیا گیا بیان حلفی جمع کرایا۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک نے کہا کہ 2022 اور 2024 کے پی ٹی آئی احتجاج کی ویڈیوز عدالت میں چلانے سے متعلق متفرق درخواست دائر کی ہے۔ ابتدا میں چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دئیے کہ ویڈیوز چلانا اس عدالت کی روایت نہیں تاہم بعد میں عدالت نے ویڈیوز صرف ایک بار چلانے کی اجازت دے دی۔ عدالت میں پی ٹی آئی کے 2022 اور 2024 کے احتجاج کی ویڈیوز چلائی گئیں۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے موقف اختیار کیا کہ 2022 کے احتجاج میں سرکاری مشینری استعمال کی گئی، انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹیں کرین کے ذریعے ہٹائی گئیں، ڈی چوک میں آگ لگا کر املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور پولیس اہلکار کمال کو شہید کیا گیا۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ پرامن احتجاج کا حق ضرور ہے مگر اس کے لئے کچھ شرائط بھی ہیں۔