شہباز شریف 76؍ ویں سالگرہ اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرمیں منائیں گے

15 ستمبر ، 2026

اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) وزیراعظم شہباز شریف اپنی 76؍ ویں سالگرہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرمیں منائیں گے۔ جنگ /دی نیوز کو پتہ چلا ہے کہ وزیراعظم نے سالگرہ بھرپور سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے وہ اس موقع پر مبارکباد تو وصول کرینگے لیکن کوئی تحفہ قبول نہیں کرینگے۔ پاکستان مسلم لیگ نون امریکا کے رہنما وزیراعظم شہباز شریف کی سالگرہ جوش و خروش سے منانے کا ارادہ رکھتے ہیں مسلم لیگ نون کے رہنما راجہ رزاق نے اعلان کیا ہے وزیراعظم شہباز شریف کی سالگرہ کے سلسلے میں کیک اقوام متحدہ کی عمارت سے متصل دریائے ہڈسن کے کنارے کاٹا جائے گا۔ راجہ رزاق نے نیویارک سے بتایا ہے کہ پورے امریکا سے مسلم لیگ نون کے کارکن اپنے رہنما کو مبارکباد دینے کے لئے نیویارک آنے کا ارادہ رکھتے ہیں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہی اجلاس سے خطاب کے لئے آئندہ ہفتے جب نیویارک پہنچیں گے تو ان کا والہانہ خیرمقدم کیا جائے گا۔ وہ 25؍ ستمبر کو عالمی ادارے سے خطاب کرینگے ان پورے ایام میں وہ بہت مصروف وقت گزاریں گے ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ برطانیہ کے نئے وزیراعظم برام، بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمن، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریز سے الگ الگ ملاقاتوں کے علاوہ متعدد عالمی رہنمائوں سے امن و سلامتی، ترقی، معیشت اور عوامی بھلائی کے دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ ان کا عالمی ادارے سے خطاب قابل لحاظ اہمیت کا حامل ہوگا جس میں متعدد نئے موضوعات پر روشنی ڈالی جائے گی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے لگاتار دوسرے سال اقوام متحدہ سے خطاب کا ارادہ ترک کیا ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ مودی امریکی صدر ٹرمپ سے خائف ہیں اور ان کا سامنا کرنے سے لگاتار گریز کرتے آئے ہیں۔