اسلام آباد ( طاہر خلیل )چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر گفتگو کی گئی، ادھر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار سے بھی جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور انڈونیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے موجودہ عسکری روابط پر اظہار اطمینان اور پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی تعاون، مشترکہ مشقوں و مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، فیلڈ مارشل نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں پاکستان اور انڈونیشیا کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور سیکیورٹی کے شعبے میں پاکستان اور لبنان کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔