سرکاری اداروں کا ڈیٹا غیرملکی سیٹلائٹ کمپنی کو منتقل کرنے پر شدید سکیورٹی خدشات کا اظہار

15 ستمبر ، 2026

اسلام آباد (ساجد چوہدری )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کام نے پاک ڈیٹا کام کی جانب سے سرکاری اداروں کا ڈیٹا متحدہ عرب امارات میں قائم ایک غیر ملکی سیٹلائٹ کمپنی کو منتقل کئے جانے پر شدید سکیورٹی خدشات کا اظہار کر دیا ہے، کمیٹی میں لانگ ڈسٹنس انٹرنیشنل (ایل ڈی آئی) کمپنیوں کے ذمے حکومت کے تقریباً 84 ارب روپے واجب الادا ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے ، جن میں 24 ارب روپے اصل واجبات جبکہ 60 ارب روپے تاخیر سے ادائیگی کے سرچارج کی مد میں شامل ہیں،پی ٹی اے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ ایل ڈی آئی کمپنیوں سے متعلق 38 مقدمات اس وقت عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔ چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر پلوشہ خان کی زیر صدارت پیر کو ہونے والے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سرکاری اداروں کے ڈیٹا کا معاملہ زیر بحث آیا، جہاں ارکان نے سوال اٹھایا کہ کیا سرکاری ڈیٹا غیر ملکی سیٹلائٹ کمپنی کو منتقل کرنے سے قبل تمام ضروری اجازتیں حاصل کی گئی تھیں،کمیٹی کو پاک ڈیٹا کام کی سیٹلائٹ سروسز غیر ملکی سیٹلائٹ پر منتقل کیے جانے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، چیئرپرسن کمیٹی نے سیٹلائٹ سروسز کی منتقلی کی وجوہات دریافت کیں تو کمیٹی کو بتایا گیا کہ ملک میں قومی اسپیکٹرم کی گنجائش محدود ہونے کے باعث سیٹلائٹ سروسز کو غیر ملکی سیٹلائٹ پر منتقل کیا گیا۔ حکام نے مزید بتایا کہ یاسات (YaSat) متحدہ عرب امارات میں قائم سیٹلائٹ کمپنی ہے اور اس میں اماراتی حکومت کے اکثریتی حصص ہیں، کمیٹی نے قومی سلامتی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ غیر ملکی سیٹلائٹ انفراسٹرکچر کے استعمال کے بارے میں صارفین اور متعلقہ اداروں کو مناسب طور پر آگاہ کیا جائے۔ چیئرپرسن نے معاملے کا متعلقہ فورم، بشمول نیشنل ٹیلی کام اینڈ انفارمیشن سکیورٹی بورڈ کے ذریعے آڈٹ کرانے کی سفارش بھی کی، پاک ڈیٹا کام کے جنرل منیجر نے کمیٹی کو بتایا کہ سرکاری اداروں کا ڈیٹا تمام متعلقہ حکومتی اداروں سے اجازت حاصل کرنے کے بعد ہی منتقل کیا گیا، تاہم کمیٹی چیئرپرسن نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حساس سرکاری ڈیٹا کو بیرون ملک قائم سیٹلائٹ کمپنی کو منتقل کرنا قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کرسکتا ہے، اجلاس کے دوران سینیٹر سعدیہ عباسی نے سوال کیا ’’کیا ڈیٹا منتقل کرنے سے سکیورٹی کے مسائل پیدا نہیں ہوتے؟،کمیٹی کو پاک ڈیٹا کام کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بھی بریفنگ دی۔