گھریلو قتل مقدمات ؛شوہر کو بیوی کی غیر فطری موت کی وضاحت دینا ہوگی، سپریم کورٹ

15 ستمبر ، 2026

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ نے فوجداری مقدمے میں اپنے فیصلے میں آبزرویشن دی ہے کہ گھریلو قتل کے مقدمات میں شوہر کو بیوی کی غیر فطری موت کی وضاحت دینا ہوگی، جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑکی سربراہی میں جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل بنچ نے اہلیہ کے قتل میں ملوث مجرم کی عمر قید کی سزا اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ برقرار رکھتے ہوئے جیل پٹیشن خارج کر دی ، ٹرائل کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے درست قرار دیے ۔ استغا ثہ کے مطا بق حبیب اللہ 14 ستمبر 2011 کو کراچی میں موبائل فون کے تنازع پر اپنی بیوی عقیلہ بی بی کو ہتھوڑے کے وار سےقتل کرنے کے بعد بچوں کو تنہا چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا ،وہ7سال تک روپوش رہا ، فا ضل بینچ نے نے تفتیشی افسر کی غفلت اور جائے وقوعہ سے ملنے والے خون آلود ہتھوڑے اور چادر عدالت میں پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اورپولیس کی تفتیش میں صنفی حساسیت لانے، ارجنٹائن اور برازیل کی طرز پر خواتین پولیس اسٹیشنز قائم کرنے، اور برطانیہ کے ماڈل کی طرز پر گھریلو قتل کا جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا ۔عدالت نے قرار دیاہے کہ بند کمرے یا گھر کی چاردیواری میں ہونے والے جرائم میں قانونِ شہادت کے تحت شوہر پر یہ قانونی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ گھر میں ہونے والی غیر فطری موت کی وضاحت کرے۔