اسلام آباد ( کامرس رپورٹر) گزشتہ مالی سال2025 کے جولائی تا دسمبر کی پہلی ششمائی کے دوران خسارے میں جانیوالے اداروں کا مجموعی خسارہ 342ارب80کروڑر وپے رہا جبکہ منافع میں جانیوالے اداروں کا 423 ارب 30 کروڑ روپے منافع حاصل ہوا، حکو مت نے سرکاری اداروں کی 804 ارب روپے کی مالی معاونت کی جبکہ سرکاری اداروں کی جانب سے حکومت کو 839ارب روپے حاصل ہوئے ، جولائی تا دسمبر 2025کے مذکورہ عرصے کے دوران حکومت کے حق میں 35 ارب روپے کا مثبت خالص مالیاتی بہاؤ ریکارڈ کیا گیا،سرکاری ملکتی اداروں سے متعلق اجلاس وزیر خزانہ سینٹر اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا، جس میں سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ نے سرکاری اداروں سے متعلق اپنی ششمائی رپورٹ پیش کی ،وزارت خزانہ کے سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ نے سرکاری اداروں کی مالی اور آپریشنل کارکردگی، منافع و خسارے، مالیاتی بہاؤ، منظور شدہ کاروباری منصوبوں پر عملدرآمد، گورننس، مالیاتی رپورٹنگ اور اہم کارکردگی اہداف پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی جائزہ پیش کیا،کمیٹی نے قرار دیا کہ تجارتی کارکردگی میں بہتری، مالیاتی نظم و ضبط کا استحکام اور سرکاری معاونت پر انحصار میں بتدریج کمی حکومت کے سرکاری اداروں کی اصلاحات کے ایجنڈے کے بنیادی مقاصد ہیں،کمیٹی نے منظور شدہ کاروباری منصوبوں پر مسلسل عملدرآمد، قابلِ پیمائش کارکردگی اہداف کے تعین، آپریشنل استعداد میں بہتری اور کم کارکردگی والے اداروں میں بروقت اصلاحی اقدامات پر زور دیا۔کمیٹی نے سرکاری اداروں کی نگرانی اور رپورٹنگ کے نظام کو مضبوط بنانے میں ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ شفافیت کے ساتھ بہتر کارکردگی اور مضبوط جوابدہی بھی یقینی بنانا ہوگی،کمیٹی نے سرکاری اداروں کے پورٹ فولیو میں مالیاتی نظم و ضبط، گورننس، آپریشنل کارکردگی اور منظور شدہ کاروباری منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد پر مسلسل توجہ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔کمیٹی نے کابینہ ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے بورڈ میں خالی آسامیوں پر آزاد ڈائریکٹرز کی تقرری سے متعلق سمری بھی منظور کرلی۔کمیٹی نے سائنس و ٹیکنالوجی ڈویژن کی جانب سے آئی آر اے ڈیاے کےکے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کی تقرری سے متعلق سمری پر بھی غور کیا اور اسے سرکاری ملکیتی اداروں کی پالیسی 2023 کے مطابق منظور کرلیا۔کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف مینجمنٹ کی تشکیل سے متعلق سمری کا بھی جائزہ لیا۔ کمیٹی نے سرکاری ملکیتی اداروں (ملکیت و انتظام)پالیسی 2023 کے تحت آزاد ڈائریکٹرز کی مجوزہ نامزدگیوں کی منظوری دے دی۔کمیٹی نے وزارت خزانہ کی جانب سے پیش کردہ سرکاری اداروں میں آ ئی ایف آر ایس کے نفاذ کے مانیٹرنگ میکنزم سے متعلق ایس او ایز پالیسی 2023 میں ترمیم کی سمری پر بھی غور کیا اور مجوزہ ترمیم کی منظوری دے دی۔ترمیم کے تحت سرکاری اداروں پر لاگو آئی ایف آر ایس سے مراد سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نوٹیفائی کردہ مالیاتی رپورٹنگ اسٹینڈرڈز ہوں گے، جن میں عام کمپنیوں کے لیے ایس ای سی پی کی جانب سے کی جانے والی ترامیم یا دی گئی چھوٹ بھی شامل ہوگی۔ ترمیم میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیرِ انتظام سرکاری اداروں کے معاملے میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے مقرر کردہ قانونی مالیاتی رپورٹنگ فریم ورک نافذ العمل ہوگا۔کمیٹی نے وزارت خزانہ کی جانب سے پیش کردہ سرکاری اداروں کی اصلاحات سے متعلق امور پر، اہل امیدواروں کے دائرہ کار کو وسیع کرنے، ڈائریکٹرز کی استعداد کار بڑھانے اور ان کی جانچ پڑتال کے طریقہ کار کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔