صدر مملکت نے انڈونیشین بحریہ سربراہ ایڈمرل محمد علی کونشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا

15 ستمبر ، 2026

اسلام آباد (طاہرخلیل)صدر مملکت آصف علی زرداری نے انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کو دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا ہے۔ انہیں یہ اعزاز پیر کو ایوان صدر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں دیا گیا۔ تقریب میں چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، اراکین پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے صدر مملکت سے ملاقات بھی کی جنہوں نے انہیں یہ اعلیٰ اعزاز ملنے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرپا اور برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے دونوں بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔