اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ فیول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلائی جائے اور سبسڈی اسکیم کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچانے کیلئے تمام دستیاب ذرائع بروئے کار لائے جائیں،چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت انتظامیہ عوام کی رہنمائی کے لیے فیلڈ میں موجود ر ہیں،وزیر اعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روزاپنی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کے پیش رفت پر اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران دی ،سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جائیگی۔ وزیراعظم نےسبسڈی ریلیف حاصل کرنے کیلئےرجسٹریشن کے لیے درکار ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت کی، اسلام آباد کے رہائشیوں کے لیے فیول سبسڈی اسکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب شروع کر دی جائے گی جبکہ ملک بھر بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے پٹرول پر ریلیف حاصل کیا جا سکے گا،وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔وزیراعظم نےملک بھر میں عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو عوام کی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کی کہ رضاکار عوام کو فیول سبسڈی اسکیم کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں رہنمائی فراہم کریں،انہوں نے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم کو تیز رفتاری سے چلایا جائے،سکیم کی کامیابی کے لیے عوام کو بروقت معلومات اور رہنمائی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس کو بر یفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد ریجن میں اسکیم کے آغاز سے 6 لاکھ سے زائد ایس ایم ایس موصول ہو چکے ،موصول ایس ایم ایس میں سے 42 ہزار 933 درخواست گزار پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کے لیے کامیابی سے رجسٹر ہو چکے،سکیم کے لیے رجسٹریشن میں صرف چار معلومات درکار ہوں گی۔شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ اس اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے درکار چار بنیادی معلومات ہیں۔ فیول سبسڈی اسکیم کی مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ www.pmfuelrelief.pk پر دستیاب ہیں۔