اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) امریکہ پاکستان کےلیےسب سے بڑا برآمدی ملک اورتجارتی توازن پاکستان کےحق میں ہے۔رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ جولائی اور اگست دوہزار چھبیس کے دوران پاکستان کا امریکہ کے ساتھ تجارتی سرپلس اڑتالیس کروڑ ڈالر پر پہنچ گیا۔ امریکہ کے لیے برآمدات زیادہ اور اس کے مقابلے میں درآمدات کم ہونے کے باعث گزشتہ دو ماہ میں پاکستان کا امریکہ کے ساتھ تجارتی سرپلس 48 کروڑ ڈالرز ہوگیا جو امریکہ کا تجارتی خسارہ بنتا ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی اور اگست 2026 میں امریکہ کے لیے پاکستانی برآمدات 10 اعشاریہ 46فیصد اضافے سے ایک ارب 17 کروڑ ڈالر رہیں اور گزشتہ مالی سال اسی مدت میں برآمدات کا حجم ایک ارب 6 کروڑ ڈالر تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں امریکہ سے پاکستان کی درآمدات 144 فیصد اضافے سے 69 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں امریکہ سے درآمدات 28 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھیں۔ سرکاری اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان کا گزشتہ مالی سال 2025-26 میں امریکہ کے ساتھ تجارتی سرپلس 2 ارب 59 کروڑ ڈالر رہا کیوں کہ امریکہ کے لیے پاکستان کی برآمدات 5 ارب 91 کروڑ ڈالر جبکہ امریکہ سے درآمدات کا حجم 3 ارب 32 کروڑ ڈالر تھا۔