اسلام آباد( رپورٹ حنیف خالد )شوگر انڈسٹری نے ای سی سی کا دو لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کا فیصلہ مسترد کر دیا،وفاقی دارالحکومت میں وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس نے دو لاکھ میٹرک ٹن فاضل چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کہ فیصلہ کیا ھے لیکن 14 ستمبر، 2026 کوشوگر ایڈوائزری بورڈ کی میٹنگ منعقد بھی کی گئی شوگر انڈسٹری نے۔ میٹنگ کے بعد اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی کی جانب سے شوگر ملوں کے اعداد وشمار کو یکسرنظر انداز کر دیا گیا اور اُن کا موقف نہیں سنا گیا۔ پسما ترجمان کے مطابق شوگر ملز کےممبران نے حکومت کے دو لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کےفیصلے کو مسترد کر تے ہوئے کہاکہ 31 اگست 2026 تک ملک میں تقریباََ 26 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد چینی کا اسٹاک موجود ہے۔ ممبران نے نشاندہی کی کہ چینی کی ماہانہ اوسط کھپت 5 لاکھ، 60 ہزار ٹن ہے جبکہ باقی ڈھائی ماہ (یعنی 15 نومبر 2026 تک) کیلئے ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے تقریباََ 14 لاکھ میٹرک ٹن چینی درکار ہو گی۔ اس طرح اگلے کرشنگ سیزن 27-2026کے آغاز پر ملک میں تقریباََ ساڑھے 12 لاکھ میٹرک ٹن چینی اضافی ہو گی، جس کی برآمدی مالیت کا تخمینہ بین الاقوامی منڈی کے موجودہ نرخوں کے مطابق 60 سے 70 کروڑ امریکی ڈالر لگایا گیا ہے۔ مزید برآں، 27-2026 کے کرشنگ سیزن کے دوران گنے کی ایک اور ریکارڈ فصل متوقع ہے جس کے مطابق چینی کی پیداوار کا تخمینہ 80 لاکھ ٹن سے زائد لگایا گیا ہے۔ تمام شرکأ کی رائے تھی کہ حکومت کی جانب سے برآمد کیلئے مختص کردہ مقدارنہ ہونے کے برابر ہے۔ حکومت کو کم از کم 10 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کی فوری اجازت دینی چاہیے تاکہ کسانوں اور شوگر انڈسٹری کو تباہی سے بچایا جا سکے ۔ حکومت کے اس فیصلے سے نہ صرف گنے کے کاشتکار اور انڈسٹری متاثر ہو گی بلکہ ملک ایک کثیر زرِمبادلہ سے بھی محروم ہو جائے گا۔