کراچی ( نمائندہ جنگ)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے ،اسٹیٹ بینک کے مطابق مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتیں مہنگائی میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔ عمومی مہنگائی اگست میں بڑھ کر 11.1 فیصد ہوگئی ، بڑے پیمانے کی اشیا سازی کی پیداوار میں جون کے دوران 3.5 فیصد کمی آئی ،چاول اور گنے کے زیرِ کاشت رقبے میں اضافے کے ساتھ کپاس کی فصل کی ابتدائی اطلاعات نے زرعی شعبے کے امکانات کو بہتر بنا دیا ، مستحکم ترسیلاتِ زر اور آئی سی ٹی برآمدات میں اضافے کی بدولت مالی سال 27ء میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے صفر تا ایک فیصد کے درمیان رہے گا،تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے پیر کو منعقدہ اجلاس میں پالیسی ریٹ 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی کے دس میں سے سات ارکان نے پالیسی ریٹ کو برقرار رکھنے کے فیصلے کی حمایت کی۔ کمیٹی نے محسوس کیا کہ مشرقِ وسطیٰ کا طویل تنازع حال میں شدت پکڑ گیا ہے جس سے اجناس کی پہلے سے بلند عالمی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں، جبکہ سپلائی چین میں خلل بدستور موجود ہے۔ تاہم تازہ ترین اقتصادی اعدادوشمار زری پالیسی کمیٹی کے توقعات کے مطابق رہے ہیں۔ عمومی مہنگائی اگست میں بڑھ کر سال بسال 11.1 فیصد ہوگئی جبکہ جولائی میں یہ 9.2 فیصد تھی۔ قوزی مہنگائی توقع کی نسبت معمولی سی کم رہی۔ بیرونی کھاتے کا دباؤ حد میں رہا کیونکہ اسے کارکنوں کی بھاری ترسیلاتِ زر اور مالی رقوم کی بلند آمد نے سہارا دیا۔ دریں اثنا، اقتصادی سرگرمی مالی سال 26ء کی چوتھی سہ ماہی کے دوران سست روی کے بعد بتدریج بڑھنا شروع ہوئی جیسا کہ بلند تعدد کے تازہ ترین اظہاریوں (high-frequency indicators) سے ظاہر ہوتا ہے۔ اس تناظر میں کمیٹی نے محسوس کیا کہ موجودہ زری پالیسی موقف مہنگائی کو وسط مدت میں 5 تا 7 فیصد ہدف کے اندر رکھنے کے لیے موزوں ہے۔ تاہم اس منظرنامے سے منسلک، خاص طور پر بگڑتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی ماحول سے غیر یقینی کیفیت بڑھ گئی ہے۔2۔ کمیٹی نے گذشتہ اجلاس کے بعد ہونے والی اہم پیش رفت کو مدنظر رکھا، جو یہ ہیں۔ پہلی، موڈیز نے پاکستان کی ریاستی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کر کے اسے مستحکم منظرنامے کی حامل بی 3 کر دیا۔ دوسری، ملک نے یورو بانڈز کے ذریعے بین الاقوامی سرمایہ مارکیٹوں سے کامیابی کے ساتھ 3 ارب ڈالر جمع کیے۔ اس کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ کی مسلسل خریداری سے اسٹیٹ بینک کو اپنے زرمبادلہ ذخائر بڑھا کر 21 ارب ڈالر سے زائد کرنے کا موقع ملا۔ تیسری، ستمبر میں کاروباری اداروں اور صارفین دونوں کی مہنگائی کی توقعات بڑھ گئیں، اور ان کا اعتماد کمزور ہوا۔ چوتھا، بڑے پیمانے کی اشیا سازی کی پیداوار میں جون کے دوران 3.5 فیصد کمی آئی ، جس سے مالی سال 26ء کی مجموعی نمو 5.0 فیصد ہوگئی۔ پانچویں، مالیاتی یکجائی مالی سال 26ء کے میزانی ہدف سے بھی بلند رہی۔ مزید برآں، جولائی تا اگست مالی سال 27ء میں ایف بی آر نے ہدف کے مطابق ٹیکس وصول کیا، جبکہ اسٹیٹ بینک نے بجٹ کے مقررہ 1.4 ٹریلین روپے کے مقابلے میں 1.9 ٹریلین روپے کا بلند منافع حکومت کو منتقل کیا۔ آخر میں، دشوار عالمی معاشی ماحول میں دیگر مرکزی بینکوں نے زیادہ محتاط رویہ اختیار کر لیا ہے۔3۔ مذکورہ پیش رفت اور ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش ِ نظر زری پالیسی کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قیمتوں کا استحکام حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ موصول ہونے والے ڈیٹا اور مشرق وسطیٰ میں جاری صورت حال کا بغور جائزہ لیا جاتا رہے گا۔ کمیٹی نے یہ بھی نوٹ کیا کہ منفی جغرافیائی اور سیاسی حالات اور موسم کے باعث تعطل جیسے دھچکے بار بار وقوع پذیر ہو رہے ہیں اور یہ کلی معاشی منظرنامے کے لیے بدستور خطرہ ہے۔ اس پس منظر میں کمیٹی نے فراست کے ساتھ زری اور مالیاتی پالیسی کا آمیزہ اختیار کرنے اور رسدی دھچکوں کو جذب کرنے کے لیے بفرز بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا بروقت نفاذ لچکداری اور پیداواریت بڑھانے، اور بلند اور پائیدار معاشی نمو کو سہارا دینے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔حقیقی شعبہ4۔ مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے باعث مالی سال 26ء کی چوتھی سہ ماہی میں خلل کے حالات میں معاشی سرگرمیاں معتدل ہوگئی تھیں جو حالیہ مدت میں بظاہر بتدریج بڑھ رہی ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت، نجی شعبے کے قرضوں، ٹیکسٹائل برآمدات، کاروباری احساسات اور رات کی روشنیوں کی سیٹلائٹ تصاویر اور گیس کے اخراج سمیت بلند تعدد کے اظہاریوں سے جولائی میں معاشی سرگرمیاں بڑھنے کی عکاسی ہوتی ہے۔ مزید برآں، چاول اور گنے کے زیرِ کاشت رقبے میں اضافے کے ساتھ کپاس کی فصل کی ابتدائی اطلاعات نے زرعی شعبے کے امکانات کو بہتر بنا دیا ہے۔
کراچی ٹرمپ ایران کے خلاف دوبارہ بڑے فوجی آپریشن پر غور کرنے لگے، امریکی وزیر دفاع مشکلات میں گھر گئے،...
اسلام آبادوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل اور کاموں میں چستی کے حوالے سے پوچھے گئے...
اسلام آباد پارلیمنٹ میں انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی نے 7اراکین کے...
کراچی عراقی فضائیہ کی سالانہ مشقوں کے سلسلے عراق کی فضائی حدود کی 5 دن کیلئے محدود بندش کا نوٹم جاری کا نوٹم...
اسلام آباد حکومت نےپیٹرول 6 روپے 59 پیسے، ڈیزل 4 روپے 25 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا آئل اینڈ گیس ریگولیٹری...
اسلام آبادوفاقی بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر ترقیوں کا عمل تعطل کا شکار ۔ گریڈ 21 سے 22 میں ترقیوں کے لیے ہائی...
اسلام آ باد مالیاتی اداروں اور انفرااسٹرکچر پر AI سے سائبرحملوں کا خطرہ، نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم...
لاہور پنجاب کے دو اضلاع گوجرنوالہ اور ساہیوال میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کے دو حلقوں این اے 77 اور پی پی 203 میں...