پاکستان و ترکیہ سے دفاعی تعلقات خلیج کیلئے اہمیت اختیار کرگئے، امریکی جریدہ

15 ستمبر ، 2026

کراچی ( نیوز ڈیسک) امریکی جریدے کا کہنا ہےپاکستان اور ترکی سے دفاعی تعلقات خلیجی ممالک کیلئے اہمیت اختیار کرگئے۔ ایران جنگ کے بعد امریکی سیکورٹی چھتری سے اعتماد اٹھنے لگا، خلیجی ریاستوں کا اپنی اجتماعی دفاعی حکمت عملی پر غور ، مختلف ممالک سے سکیورٹی روابط بڑھانے پر اتفاق،سعودی ، قطر اور عمان ایران کیساتھ کشیدگی کم کرنے کے حامی ہیں۔ ٹائم میگزین کے مطابق ایران کے خلاف جنگ نے خلیجی عرب ریاستوں کو اپنی سکیورٹی حکمت عملی پر ازسرنو غور کرنے پر مجبور کردیا ہے اور خطے میں یہ احساس مضبوط ہوا ہے کہ امریکی سکیورٹی چھتری پر مکمل انحصار اب قابلِ اعتماد نہیں رہا۔ تجزیے کے مطابق جنگ کے دوران ایرانی حملوں نے سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت کو براہ راست متاثر کیا، جبکہ خلیجی ریاستوں کو یہ بھی احساس ہوا کہ واشنگٹن نے ان کے تحفظات کے باوجود ایران کے خلاف جنگ شروع کی اور بعد میں پیدا ہونے والی صورتحال کو مؤثر انداز میں قابو نہیں کیا۔ خلیجی ممالک اب ایران کو طویل مدتی خطرہ سمجھنے کے ساتھ اسرائیل کی علاقائی بالادستی کی کوششوں کو بھی ایک اہم چیلنج قرار دے رہے ہیں۔ سعودی عرب، قطر اور عمان نے ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی حمایت کی، جبکہ دیگر ریاستیں بھی بالآخر سفارتی راستے کی طرف آگئیں۔ تجزیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے ساتھ دفاعی روابط، خلیجی ممالک کے باہمی تعاون اور ایران و اسرائیل دونوں سے سفارتی رابطے ایک نئی کثیرالجہتی سکیورٹی حکمت عملی کی بنیاد بن رہے ہیں۔ سعودی عرب کا ترکی اور پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدہ اور آبنائے ہرمز میں ایران کا اثر و رسوخ خلیج کو ایک ایسے اجتماعی دفاعی نظام کی طرف دھکیل رہے ہیں جس میں فضائی و میزائل دفاع، انٹیلی جنس اور بحری سکیورٹی میں مشترکہ تعاون شامل ہوسکتا ہے۔