دبئی(عبدالماجد بھٹی) بھارت کی متعصبانہ پالیسی نے کرکٹ کو بھی داغ دار کر دیا۔ خواتین ایشیا کپ کا فائنل سیاست کی نذر ہوگیا۔بی سی سی آئی نے محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا، عہدیدار فائنل میں موجود رہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیوا جیت سائیکیا نے اعتراف کیا کہ مسئلہ صرف ٹرافی پیش کرنیوالا تھا، متبادل کے طور پر ڈپٹی چیئرمین کی تجویز دی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیوا جیت سائیکیا کا کہنا ہےکہ ’ہماری ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی اس لئے وصول نہیں کی، کیونکہ وہ پاکستان کی حکومت کے مرکزی لیڈر ہیں اور ہمارے ملک کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ہم نے گذشتہ برس یہ فیصلہ لیا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہیں کھیلیں گے۔ لیکن ٹورنامنٹس میں ہر ٹیم کے ساتھ کھیلیں گے۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم ساری شرائط مان لیں گے۔پیر کو ایک سے زائد انٹرویو میں بھارتی فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اسے احترام یکجہتی اور ناقابل سمجھوتہ حالات کا معاملہ قرار دیا ہے۔لیکن خود سائیکیا کی وضاحت جواب دینے کے بجائے مزید سوالات پیدا کرتی ہے اور فائنل میں بی سی آئی کے دو اعلی عہدیداروں کی موجودگی اس موقف کو مزید متضاد بنادیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اے سی سی کو اپنے موقف سے فائنل سے قبل اپنے مؤقف سے آگاہ کردیا تھا۔تاہم بی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا اور سیکرٹری سائیکیا دونوں فائنل میں موجود تھے اور جب دیپتی شرما نے کاؤشینی نوتھیانگانا کو آؤٹ کیا اور بھارت ٹورنامنٹ کی واحد ناقابلِ شکست ٹیم کے طور پر فاتح بنا تو دونوں نے محسن نقوی سے مبارک باد بھی وصول کی تھی۔یہ اے سی سی کا سب سے اہم براعظمی ٹورنامنٹ تھا، جو اسی تنظیم کے اختیار کے تحت منعقد ہوا جس کے سربراہ محسن نقوی ہیں۔لہٰذا سائیکیا خود بھی ایک ایسے ایونٹ میں موجود تھے جس کی قیادت وہی شخص کررہے تھے جسے انہوں نے بعد میں ٹرافی پیش کرنے کے لئے ناقابل قبول قرار دے دیا۔سائیکیا نے کہا کہ ہماری واحد تشویش یہ ہے کہ ہم اس مرحلے پر کسی ایسے شخص سے ٹرافی قبول نہیں کرسکتے جو ہمارے لئے قابلِ قبول نہیں ہے۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر محسن نقوی ناقابلِ قبول تھے تو سوال بالکل واضح ہے پھر بی سی آئی کے سیکریٹری اور نائب صدر خود اس ایونٹ میں شرکت کرنے میں کیسے خود کو مطمئن محسوس کررہے تھے؟سائیکیا نے اپنی وضاحت میں سیاست اور دوطرفہ کشیدگی کو بھی بار بار شامل کیا۔انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ گراؤنڈ پر کیا ہورہا تھا اور سرحد کے دوسری جانب کیا ہورہا ہے۔ ہمارے ملک میں ایک خاص دشمن ملک کے خلاف نہ کھیلنے کا بہت بڑا مطالبہ تھا۔انہوں نے براہِ راست حکومتی پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے باوجود ہم نے آئی سی سی اور اے سی سی کے مینڈیٹ اور ہماری حکومت کی پالیسی کا احترام کیا کہ ہمیں تمام کثیر ملکی ایونٹس میں کھیلنا چاہیے۔یہ اعتراف اس مؤقف کے بنیادی تضاد کو ظاہر کرتا ہے۔ بھارت اے سی سی کے ایک مقابلے میں شرکت کے لئے تیار تھا، اس کے قوانین اور نظام کے تحت کھیلنے کے لئے تیار تھا، فائنل میں اپنے اعلیٰ بورڈ عہدیدار بھیجنے کے لئے تیار تھا اور پورے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لئے تیار تھا لیکن جب ٹرافی اے سی کے صدر کو پیش کرنی تھی تو بی سی آئی نے تقریب کے طریقہ کار کو تبدیل کرنا چاہا۔سائیکیا نے خود اس تنازع کو انتہائی سادہ الفاظ میں بیان کیا ہے،’’واحد مسئلہ یہ تھا کہ ہمیں ٹرافی کس سے وصول کرنی ہے۔‘‘بالکل یہی اصل نکتہ تھا۔ مسئلہ یہ نہیں تھا کہ بھارت کھیلے گا یا نہیں۔ وہ کھیلا۔ مسئلہ یہ نہیں تھا کہ وہ اے سی سی کے ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا یا نہیں ؟ اس نے شرکت کی۔مسئلہ یہ بھی نہیں تھا کہ بی سی سی آئی کے عہدیدار فائنل میں موجود ہونگے یا نہیں ؟ وہ موجود تھے۔سائیکیا کے اپنے اعتراف کے مطابق اصل مسئلہ صرف یہ تھا کہ ٹرافی کون پیش کرے گا۔ بی سی سی آئی کی تجویز تھی کہ ٹرافی اے سی سی کا ڈپٹی چیرمین پیش کرے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سفارش کی تھی کہ ٹرافی نائب چیرمین پیش کرسکتا تھا تاکہ تنازع سے بچا جاسکے۔لیکن یہ محض ٹرافی پیش کرنے والے متبادل شخص کی تلاش کا معاملہ نہیں تھا بلکہ بی سی سی آئی ، براعظمی کرکٹ کی گورننگ باڈی سے یہ مطالبہ کررہا تھا کہ وہ اپنی ٹرافی پیش کرنے کی تقریب کا انتظام اس لئے تبدیل کردے کیونکہ اسے اپنے ہی صدر پر اعتراض تھا۔اور یہ دلیل بھی مشکل سے قابلِ قبول ہے کہ بھارت کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔سائیکیا نے کہاکہ ہمارے پاس اس کے سوا کوئی اور راستہ نہیں کہ ہم اپنی مردوں کی ٹیم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں، کیونکہ اب تک انہوں نے بھی ٹرافی وصول نہیں کی۔درحقیقت ایک اور راستہ موجود تھا کہ اے سی کے صدر سے ٹرافی وصول کرلی جاتی اور کھیل کی کامیابی کو سیاسی تنازع سے الگ رکھا جاتا۔سائیکیا نے روایت کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی دلیل دی کہ سابقہ ایڈیشنز میں فاتح ٹیم نے ٹرافی میزبان ملک کے کرکٹ بورڈ کے سربراہ سے وصول کی تھی۔