وزیراعظم فیول ریلیف سکیم،دو لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی منظوری

15 ستمبر ، 2026

اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) کابینہ کی اقتصا دی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم کی فیول ریلیف سکیم کی منظوری دے دی اور سکیم پر عملدرآمد کیلئے 75ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی ہے، ای سی سی نے دو لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی بھی منظوری دی ، ای سی سی نےشنگھائی تعاون تنظیم کونسل سربراہی اجلاس کے دوران 15سیڈان بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کیلئے تین ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی بھی منظوری دی ، فیول ریلیف سکیم کے تحت موٹر سائیکل اور دیگر دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کو 500 روپے ہفتہ وار ریلیف دیا جائے گا، جو 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے 5 لیٹر کے مساوی ہے، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو 10 دن کے لیے 1000 روپے کا ریلیف ملے گا، جس کی بنیاد ماہانہ 30 لیٹر اور 100 روپے فی لیٹر کی قیمت پر ہوگی،یہ سکیم صرف غیر تجارتی صارفین تک محدود ہوگی اور ہر صارف یا مالک کو صرف ایک گاڑی کے لیے ریلیف دیا جائے گا،وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈیجیٹل انتظام اور ریلیف کی شفاف فراہمی کے لیے فیول پاس سسٹم متعارف کرائے گی اور اس کا انتظام کرے گی، ہدف پر مبنی اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے اہل صارفین تک ریلیف مؤثر انداز میں پہنچانے کے ساتھ ساتھ شفافیت اور جوابدہی یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ای سی سی نے سکیم پر عملدرآمد کے لیے 75 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنےکی منظوری دے دی، ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینٹر اورنگزیب کی صدار ت ہوا، فیول ریلیف سکیم کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں کم آمدنی والے طبقات کو ہدف بنا کر ریلیف فراہم کیا جائے گا، علاوہ ازی ای سی سی نے وزارت بحری امور کی جانب سے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی ملکیت اور انتظامی کنٹرول کی تنظیم نو سے متعلق سمری کی منظوری دے دی ، اجلاس میں وزیر نجکاری کی سربراہی میں قائم عملدرآمد کمیٹی کی سفارشات کے مطابق عملدرآمد فریم ورک کی منظوری دی گئی ۔ای سی سی نے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی برائے موجودہ،براؤن فیلڈ ریفائنریز کی اپ گریڈیشن 2023 کے تحت ڈرافٹ اپ گریڈ معاہدے کی بھی منظوری دے دی، جس میں اگست 2026 میں ترامیم کی گئی تھیں۔ معاہدہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں اور متعلقہ مراعات پر عملدرآمد و نگرانی کا فریم ورک فراہم کرے گا، جبکہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے پانچ سال کی مدت مقرر ہوگی۔ای سی سی نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مالی معاملات کے تصفیے سے متعلق پٹرولیم ڈویژن کی تجویز بھی منظور کرلی۔ اس کے تحت جولائی 2025 سے جون 2026 تک آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے غیر ایڈجسٹ شدہ ان پٹ سیلز ٹیکس کلیمز کا معاوضہ ان لینڈ فریٹ ایکویلائزیشن مارجن کے ذریعے ادا کیا جائے گا۔ کلیمز کے تصفیے کے لیے یہ عبوری طریقہ کار ہوگا، جبکہ متعلقہ اتھارٹی کی جانب سے مکمل جانچ پڑتال اور تصدیق یقینی بنائی جائے گی۔ای سی سی نے سائنس و ٹیکنالوجی ڈویژن کی جانب سے تجارتی بنیادوں پر استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کے لیے معیارات اور ریگولیٹری تقاضوں سے متعلق سابقہ فیصلے پر نظرثانی کی سمری پر غور کیا تاہم معاملہ مؤخر کردیا۔ای سی سی نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے 2 لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی بھی منظوری دے دی ، ای سی سی نے یہ اجازت چینی سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی۔ اس کے ساتھ مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں کرغزستان میں حالیہ ایس سی اوسربراہی اجلاس کے دوران سربراہان مملکت کیلئے کیے گئے اعلیٰ سطح کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور انہیں پاکستان میں ہونے والے اجلاس کے لیے قابلِ تقلید قرار دیا گیا ۔