کسی جماعت کو سڑکیں بند کرنے کا اختیار نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ، PTI لانگ مارچ کیخلاف درخواست پر فیصلہ

15 ستمبر ، 2026

اسلام آباد (عاصم جاوید) اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بنچ نے تمام صوبائی حکومتوں کو اسلام آباد کی طرف احتجاج، ریلی یا لانگ مارچ کیلئے سرکاری مشینری اور وسائل استعمال نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ دوران سماعت عدالت نے آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کو روسٹرم پر طلب کیا اور ان سے احتجاج سے متعلق جمع کرایا گیا بیان حلفی پڑھنے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اگر کوئی غیر قانونی یا غیر آئینی اجتماع ہوتا ہے تو کیا اسے روکا جائیگا؟ آئی جی نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ کوئی غیر قانونی اقدام یا پیش قدمی ہوئی تو اسے ہر صورت روکا جائیگا۔عدالت نے قرار دیا ہے کہ کسی بھی شخص، سیاسی جماعت، سیاسی قیادت یا پبلک آفس ہولڈر کو سڑکیں، کاروبا بند کرنے اور ٹول پلازے یا عمارتوں پر قبضہ کرنے کا اختیار نہیں ہے، جس سے عام آدمی کی نقل و حرکت متاثر ہو، یا اسکول اور ہسپتال تک رسائی ممکن نہ رہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ تمام صوبائی چیف سیکرٹریز اور وزرائے اعلیٰ اس بات کو یقینی بنائیں کہ احتجاج میں سرکاری مشینری، سرکاری گاڑیاں، سرکاری فنڈز یا سرکاری افسران احتجاج میں استعمال نہ ہوں، کسی سرکاری ملازم کو مارچ، جلوس یا ریلی میں شرکت پر مجبور نہ کیا جائے، کوئی سرکاری افسر کسی احتجاج یا ریلی پر زبردستی مجبور کرنے والے آرڈر پر عملدرآمد نہ کرے، اگر کسی افسر کو مجبور کیا جائے تو وہ صوبائی چیف سیکرٹری کو بتائے، اسلام آباد میں ایسی صورت میں چیف کمشنر یا آئی جی کو مطلع کیا جائے، صوبوں کے چیف سیکرٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد اور انسپکٹر جنرلز فوری طور پر ہیلپ لائن قائم کریں۔ افسران اپنے ماتحتوں کو اسلام آباد کی طرف احتجاج یا مارچ میں شریک نہ ہونے دیں۔ اسلام آباد انتظامیہ اور وزارت داخلہ شہریوں کے آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں۔ عدالت نے مختصر فیصلے میں مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی حقوق سے متصادم کوئی بھی سرگرمی آئین کی خلاف ورزی تصور ہو گی، کسی پبلک آفس ہولڈر نے اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی حقوق سے متصادم کوئی سرگرمی کی تو سمجھا جائیگا کہ اس نے آئین اور اپنے حلف کی خلاف ورزی کی، آئین اور قانون کے مطابق اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ گزشتہ روز تاجر وقاص احمد کی جانب سے 27 ستمبر کو پی ٹی آئی کے مجوزہ احتجاج اور لانگ مارچ کیخلاف درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل تین رکنی لارجر بنچ نے کی۔ اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔ دونوں افسران نے عدالت کی جانب سے طلب کیا گیا بیان حلفی جمع کرایا۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک نے کہا کہ 2022 اور 2024 کے پی ٹی آئی احتجاج کی ویڈیوز عدالت میں چلانے سے متعلق متفرق درخواست دائر کی ہے۔ ابتدا میں چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دئیے کہ ویڈیوز چلانا اس عدالت کی روایت نہیں تاہم بعد میں عدالت نے ویڈیوز صرف ایک بار چلانے کی اجازت دے دی۔ عدالت میں پی ٹی آئی کے 2022 اور 2024 کے احتجاج کی ویڈیوز چلائی گئیں۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے موقف اختیار کیا کہ 2022 کے احتجاج میں سرکاری مشینری استعمال کی گئی، انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹیں کرین کے ذریعے ہٹائی گئیں، ڈی چوک میں آگ لگا کر املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور پولیس اہلکار کمال کو شہید کیا گیا۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ پرامن احتجاج کا حق ضرور ہے مگر اس کے لئے کچھ شرائط بھی ہیں، احتجاج کیلئے درخواست دینا ہوتی ہے اور مظاہرین کو تفصیلات فراہم کرنا ہوتی ہیں تاکہ اسی حساب سے سیکورٹی انتظامات کئے جا سکیں۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا کہتے ہیں کہ ہم اسلام آباد آ رہے ہیں، حکومت اور سیاسی جماعت میں فرق ہی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا تقریریں کررہے ہیں کہ وہ 40 لاکھ لوگ لے کر آئیں گے، ایک سزا یافتہ شخص کی رہائی کیلئے اس طرح کی تقریریں کی جارہی ہیں، اگر 40 لاکھ لوگ یہاں آجاتے ہیں تو کیا حکومت عدالت کو یہ ہدایت دیگی کہ قیدی کو ضمانت دیدیں؟ ایسا کیسے ہوسکتا ہے؟ عدلیہ کی آزادی کہاں جائے گی؟ سماعت کے دوران چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے آئی جی خیبرپختونخوا کو روسٹرم پر طلب کیا اور انہیں عدالت میں جمع کرایا گیا بیان حلفی پڑھنے کی ہدایت کی۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے اپنا بیان حلفی عدالت میں پڑھ کر سنایا۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ آئی جی کو صرف سرکاری مشینری کے استعمال سے روکنے کے بجائے غیرقانونی لانگ مارچ کو بھی روکنا چاہئے۔ اس پر چیف جسٹس نے آئی جی سے استفسار کیا کہ اگر کوئی غیرقانونی اور غیرآئینی اقدام ہوتا ہے تو کیا وہ اسے نہیں روکیں گے؟ آئی جی خیبرپختونخوا نے جواب دیا کہ عدالت کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق بیان حلفی جمع کرایا گیا ہے۔ چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دئیے کہ آپ کو بیان حلفی میں یہ بھی لکھنا چاہئے تھا کہ آپ غیرقانونی اور غیرآئینی اقدام کو روکیں گے۔ آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر کوئی غیرقانونی کام ہوا تو اسے روکیں گے۔ چیف جسٹس نے آئی جی خیبرپختونخوا کو ہدایت کی کہ اگر کوئی غیرقانونی اور غیرآئینی اجتماع ہوتا ہے تو اسے روکیں گے اور مظاہرین کو منتشر بھی کریں گے۔ عدالت نے درخواست پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں لارجر بنچ نے 27 ستمبر احتجاج کے خلاف درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔