اسلام آباد ( طاہر خلیل )چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر گفتگو کی گئی، ادھر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار سے بھی جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور انڈونیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے موجودہ عسکری روابط پر اظہار اطمینان اور پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی تعاون، مشترکہ مشقوں و مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، فیلڈ مارشل نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں پاکستان اور انڈونیشیا کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور سیکیورٹی کے شعبے میں پاکستان اور لبنان کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔