وزیر اعلی ٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی لاہورپہنچ گئے، پولیس پر اغوا کرنے کا الزام

15 ستمبر ، 2026

لاہور(کرائم رپورٹر ،کرائم رپورٹر سے ) وزیر اعلی ٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی پیر کی رات لاہور پہنچ گئے۔ پولیس پر اغوا کرنے کا الزام ۔جاں بحق کارکن کے گھر جاکر اہل خانہ سے تعزیت، کارکنوں کی گرفتاریوں پر سہیل آفریدی احتجاجاً پولیس موبائل میں جا بیٹھے۔ کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان دھکم پیل ، تلخ کلامی۔وزیر اعلیٰ کا پنجاب پولیس کی سیکیورٹی لینے سے انکار۔سہیل آفریدی کی آمد کے سلسلہ میں پولیس نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہوئے تھے احتجاج اور جلوسوں کو روکنے کیلئے پولیس نے اکثر جگہوں پر رکاوٹیں اور ناکے لگائے ہوئے تھے پولیس جہاں بھی انہیں روکتی تو وزیر اعلی ان سے تکرار کرتے انہیں آگے نہ جانے دیتے تو وزیر اعلیٰ سڑک پر ہی دھرنا دے دیتے ۔سہیل آفریدی تحریک انصاف کے جاں بحق ہونے والے کارکن اشتیاق کے گھر پہنچے۔اہل خانہ سے تعزیت کی اور اسکی مغفرت کیلئے دعا کی ۔ اس موقع پر انہوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔بعد ازاں وہ جلوس کی شکل میں مال روڈ کی طرف روانہ ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد انکے ساتھ چلنے لگی وہ مسلسل حکومت اور پنجاب پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے پولیس نے کارکنوں اور لیڈر شپ کو گرفتار کیا تو سہیل آفریدی بھی پولیس کی ایک گاڑی میں بیٹھ گئے تو ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی تو شو ر مچ گیا کہ وزیر اعلیٰ کو اغو کر لیا گیا تاہم پولیس نے تھوڑی دور جا کر انہیں گاڑی سے اتار دیا سہیل آفریدی نے الزام لگایا کہ کہ انہیں کسی کے کہنے پر اغوا کیا گیا مال روڈ پر احتجاج جاری رہا پولیس نے متعدد پارٹی راہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اشتاق خان مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد داتا دربار کے لیے روانگی اختیار کی تو مختلف مقامات پر کارکنوں اور شہریوں نے ان کے قافلے کا بھرپور استقبال کیا۔ سہیل آفریدی جگہ جگہ قافلہ روک کر گاڑی کی چھت پر آتے اور کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے رہے، جبکہ ایک موریہ پل کے قریب وہ گاڑی سے باہر نکل آئے جہاں درجنوں کارکنوں نے انہیں گھیر لیاوزیراعلیٰ کارکنوں کو اپنی گاڑی کی چھت پر بھی بلاتے رہے، جبکہ کئی کارکن سہیل آفریدی سے ملاقات کے دوران آبدیدہ ہوگئے۔ سہیل آفریدی کارکنوں سے گرم جوشی سے ملتے اور بانی کے حق میں لگائے جانے والے نعروں کا جواب بھی دیتے رہے۔ مختلف مقامات پر کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان دھکم پیل کے واقعات پر تلخ کلامی بھی ہوئی، اس دوران سہیل آفریدی پولیس اہلکاروں سے کارکنوں کو چھڑواتے رہے۔