دنیا میں مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کا استعمال جس رفتار سے بڑھ رہا ہے، اس نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نئی ضرورت پیدا کردی ہے اور وہ ہے ڈیٹا سینٹرز۔ ہم فنانشل سروسز لیتے ہیں ، موبائل پر کوئی ایکٹویٹی کرتے ہیں، گوگل پر کچھ تلاش کرتے ہیں، کسی ویب سائٹ پر جاتے ہیں، آن لائن خریداری کرتے ہیں یا اے آئی سے کوئی سوال پوچھتے ہیں تو ہمیں چند سیکنڈ میں جواب مل جاتا ہے۔ لیکن اس جواب یا سروس کی فراہمی کے پیچھے کہیں نہ کہیں بڑی تعداد میں طاقتور کمپیوٹرز مسلسل کام کررہے ہوتے ہیں۔ یہ کمپیوٹرز بڑے بڑے مراکز میں رکھے جاتے ہیں جنہیں ڈیٹا سینٹر کہا جاتا ہے۔سادہ الفاظ میں ڈیٹا سینٹر ایک ایسی بڑی عمارت ہے جہاں ہزاروں یا بعض اوقات لاکھوں کمپیوٹر سرورز، اسٹوریج سسٹمز اور انٹرنیٹ سے جڑے آلات رکھے جاتے ہیں۔ یہ سرور معلومات کو محفوظ بھی کرتے ہیں اور پروسیسنگ کے بعد کنزیومرز اور کمپنیوں تک پہنچاتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کیلئے یہ ضرورت کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ عالمی توانائی ایجنسی کے مطابق 2025ءمیں دنیا بھر کے ڈیٹا سینٹرز کی بجلی کی کھپت میں17 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اے آئی پر مرکوز ڈیٹا سینٹرز کی بجلی کی طلب اس سے بھی تیز بڑھی ۔
یہی وجہ ہے کہ دنیا کی بڑی ٹیک کمپنیاں اس وقت ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر پر اربوں ڈالر خرچ کررہی ہیں۔ گوگل، مائیکروسافٹ، ایمیزون، میٹا اور اے آئی کی بڑی کمپنیاں جانتی ہیں کہ آئندہ جسکے پاس زیادہ اور بہتر کمپیوٹنگ طاقت ہوگی، وہ اے آئی اور کلاؤڈ سروسز کی دوڑ میں زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہوگا۔یہ صرف کاروبار کا معاملہ نہیں رہا بلکہ اب نیشنل سیکورٹی اور قومی طاقت کا مسئلہ بھی بنتا جارہا ہے۔ امریکہ اور چین مصنوعی ذہانت میں برتری کیلئے مقابلہ کررہے ہیں اور یورپ بھی اس بات کو سمجھ رہا ہے کہ اگر اسکے پاس اپنی کمپیوٹنگ صلاحیت اور ڈیٹا سینٹرز نہ ہوئے تو وہ اے آئی کے معاملے میں امریکہ اور چین پر زیادہ انحصار کرئیگا۔ عالمی توانائی ایجنسی کے مطابق 2024ءمیں دنیا کے ڈیٹا سینٹرز کی بجلی کی کھپت میں امریکہ کا حصہ تقریباً 45 فیصد، چین کا 25فیصد اور یورپ کا 15 فیصد تھا۔ امریکہ کے بعد چین اس میدان میں بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ وہاں حکومت نے ملک بھر میں کمپیوٹنگ مراکز کا ایک بڑا نیٹ ورک بنانے کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ اے آئی کیلئے مطلوبہ کمپیوٹنگ طاقت ملک کے مختلف حصوں میں دستیاب ہو۔ چین کی ’’ایسٹ ڈیٹا، ویسٹ کمپیوٹنگ‘‘ حکمت عملی کا مقصد بھی یہی ہے کہ زیادہ ڈیٹا پروسیسنگ ایسے علاقوں میں کی جائے جہاں زمین اور توانائی نسبتاً آسانی سے دستیاب ہو۔
بھارت بھی اس دوڑ میں پیچھے نہیں ۔ وہاں ڈیٹا سینٹرز کی صلاحیت 2026ءمیں تقریباً 1.8 گیگاواٹ ہوچکی ہے۔ ممبئی، حیدرآباد، بنگلورو، چنئی اور دہلی جیسے شہر بڑے ڈیجیٹل مراکز بن رہے ہیں جہاں مائیکروسافٹ اور گوگل سمیت بڑی ٹیک کمپنیاں بھاری انویسٹمنٹ کر رہی ہیں ۔ یورپی یونین بھی ڈیٹا سینٹرز کی صلاحیت میں بڑے اضافے کا منصوبہ رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ یورپ میں برطانیہ ، جرمنی ، فرانس ، ہالینڈ ، پرتگال کے بعد اب اسکینڈے نیویا کے ممالک بھی انرجی کی فراوانی کیوجہ سے اس دوڑ میں شامل ہو رہے ہیں تاہم پوری دنیا میں ڈیٹا سینٹرز کیلئے بجلی ، پانی ، زمین اور ماحولیات کے حوالے سے تشویش بھی بڑھ رہی ہے ۔ ڈیٹا سینٹرز کو چلانےکیلئے بہت زیادہ بجلی چاہیے۔ بڑے اے آئی ڈیٹا سینٹرز ایک پورے صنعتی علاقے جتنی بجلی استعمال کرسکتے ہیں۔ مسئلہ صرف بجلی کا نہیں، پانی کی وافر مقدار میں فراہمی بھی ضروری ہے۔ طاقتور کمپیوٹر مسلسل کام کرتے ہیں تو بہت زیادہ حرارت پیدا ہوتی ہے۔ انہیں ٹھنڈا رکھنے کیلئےمختلف نظام استعمال کیے جاتے ہیں، جن میں بعض صورتوں میں پانی بھی استعمال ہوتا ہے۔ نئی ٹیکنالوجی، مثلاً لیکویڈ کولنگ وغیرہ پانی کے استعمال کو کم کرسکتے ہیں اور ماحولیاتی اثرات کو کم کر سکتے ہیں ۔
امریکہ میں عوام کی بڑی تعداد نے اپنے علاقوں میں ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کی مخالفت شروع کردی ہے۔ انکا اعتراض ہے کہ فائدہ بڑی ٹیک کمپنیوں کو ہوگا لیکن بجلی کے نئے منصوبوں، گرڈ کی توسیع،آلودگی اور بجلی و پانی کے استعمال کا بوجھ مقامی لوگوں اور انکے طرز زندگی پر پڑ سکتا ہے۔حالیہ امریکی مڈ ٹرم الیکشن سے قبل عوامی بحث میں یہ سوال شدت سے اٹھ رہا ہے۔اس عوامی مخالفت کے باوجود ڈیٹا سینٹرز کے فوائد بھی بہت ہیں۔ ان سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آتی ہے، تعمیراتی شعبے میں روزگار پیدا ہوتا ہے، ٹیکنالوجی کی صنعت کو فروغ ملتا ہے اور مقامی حکومتوں کو ٹیکس کی آمدنی حاصل ہوسکتی ہے۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ کسی ملک کے اندر مضبوط ڈیٹا سینٹر موجود ہوں تو اس ملک کی ڈیجیٹل معیشت، کلاؤڈ سروسز اور اے آئی کی ترقی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔لیکن اسکے چند منفی پہلو بھی نظر انداز نہیں کیے جاسکتے، بجلی کے بے تحاشا استعمال سے سپلائی میں کمی اور قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے ، پانی کی کمی والے علاقوں میں کولنگ ایک مسئلہ بن سکتی ہے، زمین اور انفراسٹرکچر پر دباؤ بڑھ سکتا ہے اور ماحولیاتی نقصان بھی۔ اس لیے دنیا اب صرف یہ نہیں دیکھ رہی کہ کتنے ڈیٹا سینٹر بنائے جائیں بلکہ یہ بھی دیکھ رہی ہے کہ انہیں زمین ،بجلی اور پانی کہاں سے سستے اور وافر مقدار میں دستیاب ہوں گے، اور مقامی آبادی کس حد تک آمادہ ہو گی۔ہمارے ملک میں بھی ڈیجیٹل معیشت، آن لائن کاروبار اور اے آئی کا استعمال بڑھ رہا ہے، حکومت بھی مقامی ڈیٹا اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کی ضرورت کو تسلیم کررہی ہے۔ اسلام آباد میں ملک کے سب سے بڑے اسکائی 47 ڈیٹا سینٹر کی لانچنگ کے بعد مزید ڈیٹا سینٹروں کے قیام کے منصوبوں پر بھی کام آگے بڑھا ہے۔ ڈیٹا سینٹر صرف ایک عمارت بنا دینے کا نام نہیں۔ اسے چوبیس گھنٹے قابلِ اعتماد بجلی، تیز اور مستحکم انٹرنیٹ، جدید فائبر نیٹ ورک، مناسب زمین، ٹھنڈا رکھنے کا نظام، سائبر سکیورٹی اور تربیت یافتہ عملہ چاہیے۔ اے آئی اور ڈیٹا سینٹروں کی تعمیر کیلئے مُناسب وسائل اور ماحول نہ ہو تو کوئی دنیا کی بڑی ٹیک کمپنیاں سرمایہ کاری سے گریز کرتی ہیں ۔ حال ہی میں ورلڈ بینک نے پاکستان کے بجلی کے نظام کو زیادہ قابلِ اعتماد بنانےکیلئے بڑے منصوبے کی منظوری دی ہے۔
ملک میں نوجوان افرادی قوت، بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل ضروریات اور بڑی آبادی ایک وسیع مارکیٹ فراہم کرتی ہے۔ حکومت نے مقامی ڈیٹا، کلاؤڈ اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی طرف پیش رفت بھی شروع کردی ہے۔ قومی ڈیٹا گورننس اور سرکاری ڈیٹا کو ملک کے اندر محفوظ رکھنے کے اقدامات جاری ہیں۔مستقبل میں وہ ممالک آگے ہوں گے جو سستی وافر بجلی، مضبوط انٹرنیٹ، محفوظ ڈیٹا اور بڑے پیمانے پر کمپیوٹنگ کی سہولت فراہم کرسکیں گے۔ اسوقت دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک اور بڑی کمپنیاں ڈیٹا سینٹرز خصوصاً نئے ہائپر سکیل سینٹرز میں بھاری سرمایہ کاری کررہے ہیں اور امریکہ تو ڈیٹا سینٹرز کو خلا میں لیجانے کی تیاری کر رہا ہے ۔ ڈیٹا سینٹرز آج کنکریٹ کی بدصورت بڑی عمارتیں ضرور ہیں، لیکن آنیوالے دنوں میں یہ بجلی گھروں، بندرگاہوں اور صنعتی علاقوں کی طرح قومی معیشت کے بنیادی اثاثے بن سکتے ہیں۔
( صاحبِ مضمون سابق وزیر اطلاعات پنجاب ہیں)
مزید خبریں
-
رکھتا ہے اے شعورؔ! پریشان وہ اُسےجس مسئلے میں بھی ہو کوئی مبتلا یہاں ترجیح دیں بھلا کسے آخر، کسے نہیںہر مسئلہ...
-
پاکستان کی سیاست میں اقتدار کی جنگ اب صرف اسمبلیوں، جلسوں اور انتخابی میدانوں تک محدود نہیں رہی بلکہ اصل...
-
عمران خان کو جیل میں تین سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے۔ ان کے متعلق ایک تاثر بڑے شدومد سے پھیلایا جاتا رہا کہ وہ...
-
دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں اکثر اول نمبر پر شمار ہونیوالے لاہور کی فضائی آلودگی اب محض ماحولیاتی مسئلہ...
-
بہت سال پہلے جب ڈاکٹر یاسمین راشد برطانیہ میں گائنا کالوجی کی اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہی تھیں تو انہوں نے سوچا...
-
سردیوں کی آمد ہے، گھروں میں گیس کی ضرورت بڑھ رہی ہے، ہوٹلوں، تندوروں، ٹیکسٹائل، کھاد، سیمنٹ کی صنعتوں، بجلی...
-
ان دنوں لاہور جم خانہ کلب قومی میڈیا کی شہ سرخیوں میں ہے۔ پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے 117 ایکڑ سرکاری اراضی...
-
پاکستان کے پہلے فوجی حکمران ایوب خان عنان اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکہ پہنچے تو ان کاپرتپاک استقبال کیا گیا...