تجارتی خسارہ 15.13فیصد بڑھ کر 10ارب 79کروڑ 20لاکھ ڈالرز پر پہنچ گیا

03 اکتوبر ، 2026

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )پاکستان کا تجارتی خسارہ تین ماہ کے دوران 15.13فیصد بڑھ کر 10ارب 79کروڑ 20لاکھ ڈالرز پر پہنچ گیا ،رواں مالی سال پہلی سہ ماہی میں درآمدات میں 13اعشاریہ 21 فیصد ،برآمدات میں 10 اعشاریہ 84فیصد کا اضافہ ہوا،مجموعی طور پر برآمدات میں اضافے کے باوجوددرآمدات کےزیادہ ہونے کی وجہ سےتجارتی خسارے میں اضافہ ہوا،وفاقی ادارہ شماریات نے تجارتی اعدادو شمارجاری کردیئے ۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ستمبر2026میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 3 ارب 55کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہا جو سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 7 اعشاریہ 99فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 6 اعشاریہ 15فیصد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے-اداہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی یعنی جولائی تاستمبر2026میں برآمدات میں 10 اعشاریہ 84فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے بعد3 ماہ میں برآمدات 8 ارب 42 کروڑ30 ڈالرز رہیں، ستمبر 2026 میں پاکستان کی برآمدات 2 ارب 93 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہیں یعنی سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 17اعشاریہ61فیصدجبکہ ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 16 اعشاریہ07 فیصد کا اضافہ ہوا،رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 3ماہ کے دوران درآمدات 13 اعشاریہ21اضافے کے بعد 19 ارب21 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ ستمبر 2026 میں درآمدات کاحجم 6ارب 49کروڑ 40ڈالرز ریکارڈ کیا گیاجو سالانہ بنیادوں پر11اعشاریہ05 فیصد اضافہ اور ماہانہ بنیادوں پر11 اعشاریہ 5 فیصد کا اضافہ بنتا ہے۔