پروازوں میں درجنوں عمانی پائلٹس کی موجودگی کا انکشاف،اسرائیل میں تحقیقات

03 اکتوبر ، 2026

کراچی (رفیق مانگٹ)اسرائیل نے تحقیقات شروع کر دیں کہ حالیہ برسوں میں درجنوں عمانی پائلٹس کس طرح تل ابیب کے لیے پروازیں چلاتے رہے، حالانکہ ایسے ممالک کے عملے پر پابندی عائد ہے جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اعتراف کیا کہ ایک قانونی خلا کی وجہ سے مذکورہ شریک پائلٹ پابندیوں کو عبور کرنے میں کامیاب ہوا۔یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک عمانی شریک پائلٹ نے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز کو مبینہ طور پر تباہ کرنے کی کوشش کی۔اسرائیلی چینل کے مطابق، فلائی دبئی میں کام کرنے والے درجنوں عمانی پائلٹس گزشتہ برسوں کے دوران دبئی سے تل ابیب کے روٹ پر پروازیں کرتے رہے، حالانکہ عمان کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات موجود نہیں ہیں۔ یہ صورتحال 2020 کے ابراہیمی معاہدے کی شقوں کے برعکس ہے، جن کے تحت ایسے ممالک کے پائلٹس کو اسرائیل آنے جانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے جو تکنیکی طور پر اسرائیل کے ساتھ مخاصمت رکھتے ہوں۔ نیتن یاہو نے کہا کہ شریک پائلٹ نے پابندیوں کو بائی پاس کرنے میں کامیابی حاصل کی۔