لانگ مارچ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، سہیل آفریدی

03 اکتوبر ، 2026

پشاور (نیوز ڈیسک) وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، یہ جنگ آپ نے خود لڑنی ہے، ہم انتظامات نہ کرسکیں آپ نے خود تیاری کرنی ہے، یہ جہاد ہے اور ظالم کو روکنا بھی جہاد ہے، لانگ مارچ کیلئے ایک دن میں 4 کروڑ روپے جمع ہوگئے۔ پشاور میں چندہ مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ چندہ مہم میں حصہ لینے والوں کے مشکور ہیں، یہ مہم جاری رہے گی اور فنڈز کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ لانگ مارچ کا آغاز چار اکتوبر کو لکی مروت سے ہوگا، پھر 6 اکتوبر کی صبح متنی پشاور پہنچیں گے وہاں سے صوابی کے لیے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع والوں کیلئے پیغام ہے کہ اب لانگ مارچ زندگی اور موت کا مسئلہ بن گیا ہے، یہ اب عمران خان کی رہائی یا تحریک انصاف کا مسئلہ نہیں بلکہ امن کے قیام کا مسئلہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ جنگ آپ نے خود لڑنی ہے، ہم انتظامات نہ کرسکیں آپ نے خود تیاری کرنی ہے، یہ جہاد ہے اور ظالم کو روکنا بھی جہاد ہے۔