190 ملین پاؤنڈز کیس، سزا کیخلاف عمران، بشریٰ کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

03 اکتوبر ، 2026

اسلام آباد (خبر نگار) 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں سماعت کے لئے مقرر ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بنچ 5اکتوبر کوسماعت کرے گا۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کوحتمی دلائل کیلئے طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی اور بشری کی سزا معطلی کی درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مرکزی اپیلوں پر سماعت کا حتمی فیصلہ کیا تھا۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر واضح کیا کہ ٹرائل کورٹ کی سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر دلائل کے لئے حتمی مہلت دی جا رہی ہے، مزید التوا نہیں ملے گا، آئندہ سماعت پر دلائل کا آغاز نہ کیا گیا تو نیب کو سن اور دستیاب ریکارڈ دیکھ کر اپیلوں کا فیصلہ کر دیا جائے گا۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق وکیل سردار لطیف کھوسہ کا وکالت نامہ ریکارڈ پر موجود ہے، انہوں نے واضح انڈر ٹیکنگ دی ہے کہ آئندہ سماعت پر مزید کوئی التوا نہیں مانگیں گے اور آئندہ سماعت پر اپیلوں پر دلائل دیں گے۔