دبئی پرواز واقعہ: کپتان اور معاون پائلٹ ابوظبی پہنچ گئے

03 اکتوبر ، 2026

ابوظبی(سبط عارف )دبئی کی پرواز FZ1073 کے واقعے پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی ابتدائی تحقیقات مکمل ہوگئی۔حکام کے مطابق کپتان اور معاون پائلٹ کو صحت بہتر ہونے کے بعد یکم اکتوبر کی صبح اماراتی سیکیورٹی ٹیم کے ہمراہ ابوظبی منتقل کردیا گیا۔دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز 30 ستمبر کو صبح 9:45 بجے 174 مسافروں اور 8 رکنی عملے کے ساتھ تبوک ایئرپورٹ پر بحفاظت اتری تھی۔ابتدائی سعودی اماراتی تحقیقات کے مطابق معاون پائلٹ نے کپتان پر حملہ کیا اور جھگڑے کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوئے۔دونوں پائلٹس کو تبوک کے اسپتال میں طبی امداد دی گئی اور صحت بہتر ہونے پر دونوں پائلٹس کو ابوظبی پہنچایا گیا۔ اطلاعات ہیں کہ دونوں پائلٹس سے واقعے کے متعلق مزید تفتیش کی جارہی ہیں ۔حکام نے بتایا کہ دبئی سے اسرائیل کی پرواز میں 174 مسافر اور 8 رکنی عملہ سوار تھا۔ تمام اسرائیلی اور دیگر مسافروں کو 30 ستمبر کو شام 5:40 بجے متبادل پرواز سے تبوک سے تل ابیب روانہ کردیا گیا تھا جبکہ جہاز کے عملے کے دیگر اراکین کو ایک دوسری فلائی دبئی پرواز کے ذریعے دبئی واپس پہنچایا گیا۔