ضلع کوٹ ادو میں انسداد پولیو مہم شروع، ڈھائی لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائینگے

03 اکتوبر ، 2026

کوٹ ادو (نامہ نگار) ضلع کوٹ ادو میں انسداد پولیو مہم کا آغاز، 2 لاکھ 57 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، 2 اکتوبر سے 5 اکتوبر تک جاری رہنے والی مہم کیلئے 1111 ٹیمیں تشکیل، 1059 موبائل، 29 فکسڈ اور 22 ٹرانزٹ ٹیمیں گھر گھر اور مختلف مقامات پر خدمات انجام دیں گی، تفصیل کے مطابق ضلع کوٹ ادو میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، جو 2 اکتوبر سے 5 اکتوبر 2026ء تک جاری رہے گی،مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 2 لاکھ 57 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کو مؤثر انداز میں مکمل کرنے کیلئے 1111 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 1059 موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی، جبکہ 29 فکسڈ اور 22 ٹرانزٹ ٹیمیں مختلف مقامات پر اپنی خدمات سرانجام دیں گی۔محکمہ صحت کے مطابق پولیو ٹیمیں مہم کے دوران گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں گی، جبکہ فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیمیں ہسپتالوں، اہم عوامی مقامات اور آمدورفت کے مراکز پر بچوں کو قطرے پلانے کی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے پانچ سال سے کم عمر اپنے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ انہیں موذی مرض اور عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔