ملتان ڈویژن میں یونین کونسل دفاتر کو ای خدمت مراکز میں شفٹ کیا جائیگا

03 اکتوبر ، 2026

لودھراں(نمائندہ جنگ)ڈپٹی کمشنر محمد اشرف سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ای خدمت مرکز عقیل خان نے ملاقات کی۔ملاقات میں یونین کونسل دفاتر کو ای خدمت مراکز میں تبدیل کرنےبارے بریفنگ دی گئی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر عقیل خان نے میکانزم فار سلیکشن یو سیز بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان ڈویژن میں یونین کونسل دفاتر کو ای خدمت مراکز میں شفٹ کیا جائے گا،لودھراں کی یونین کونسل دفاتر کو ای خدمت مراکز میں شفٹ کرنیکی تجویز ہے، ہر ضلع میں ای خدمت مرکز کے سپورٹ آفیسر معاملات میں معاونت فراہم کریگا، ای خدمت مراکز میں مجموعی طور پر 172سروسز فراہم کی جارہی ہیں،پیپرلیس معاملات کی وجہ سےعوام کو فوری ریلیف کی فراہمی ترجیح ہے، ای خدمت مراکز کیساتھ لوکل گورنمنٹ کا سٹاف عوامی خدمت میں پیش پیش ہوگا۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں کے شہریوں میں ٹیلنٹ ہے،جنہیں ای کامرس اور ڈیجیٹلائزیشن کیطرف لانا ہوگا،یونین کونسل سطح پر ڈیجیٹل سروسز سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا، ای خدمت مرکز کے سٹاف کی تعیناتی سےنچلی سطح پر کوئیک رسپانس کو فروغ حاصل ہوگا،شہروں کے بجائے دیہی علاقوں میں سکلز ڈویلپمنٹ کو پروان چڑھایا جائے، اچھے آئیڈیا پر عمل درآمد کیلئے بھرپور سپورٹ فراہم کرینگے۔بریفنگ میں معراج ندیم جوائنٹ ڈائریکٹر،عبدالروف سینئر پروگرام مینیجر‘ انچارج ای خدمت مرکز ثاقب چغتائی‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ مدثر حسن ودیگر موجود تھے۔