بھارت کی آبی جارحیت، دریائے جہلم میں اچانک پانی بہاؤ میں اضافہ سے خاتون بہہ گئی

03 اکتوبر ، 2026

ہٹیاں بالا (انصار نقوی، نمائندہ جنگ) بھارتی آبی جارحیت‘ دریائے جہلم میں اچانک پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث چناری اور ہٹیاں بالا کے درمیان واقع قصبہ کچھا سیداں میں دریا کے کنارے لکڑیاں جمع کرنے والی غریب، بیوہ خاتون پانی کے تیز بہاؤ کی نذر ہو کر لاپتہ ہو گئی۔ واقعہ سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ خاتون کی تلاش کیلئے پولیس، ریسکیو 1122 اور مقامی افراد نے امدادی کارروائی شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز کچھا سیداں کی رہائشی غریب بیوہ خاتون رحمت بی بی زوجہ سید حسین شاہ دریائے جہلم کے کنارے لکڑیاں جمع کر رہی تھیں کہ اچانک دریا میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا۔ تیز رفتار پانی کی زد میں آ کر خاتون دریا میں بہہ کر لاپتہ ہوگئی۔ مقامی افراد کے مطابق دریا میں اچانک پانی بڑھنے کی وجہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑا جانا بتائی جا رہی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چناری پولیس، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، مقامی افراد بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ آخری اطلاعات کے موصول ہونے تک خاتون ریکور نہ ہو پائی۔ دریائے جہلم میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث امدادی کارروائی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو 1122جہلم ویلی کے ایک اہلکار ظاہر ظہیر نے روزنامہ جنگ کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر سے چکوٹھی کے راستے آزاد کشمیر میں داخل ہونے والے دریائے جہلم میں پانی کی بلندی بارہ سے چودہ فٹ کے درمیان ہوتی ہے، جمعہ کے روز پانی کی بلندی اچانک انیس فٹ تک چلی گئی تھی۔ انتظامیہ، ریسکیو اداروں کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ دریائے جہلم، دیگر ندی نالوں کے کناروں پر غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کریں۔