سٹاک مارکیٹ میں مندا شدت اختیار کر گیا، کاروبار میں بھی کمی

03 اکتوبر ، 2026

لاہور (سودی)سٹاک مارکیٹ میں جاری مندے کا رجحان گزشتہ روز بھی برقرار رہا،تین سو سے زائد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مزید کمی سمیت انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی کم ہو گئی۔مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا جو کچھ ہی دیر برقرار رہی پھر اتار چڑھائو اور اس کے بعد شروع ہونے والا مندا آخر تک جاری تھا۔اس دوران انڈیکس میں 218پوائنٹ کا اضافہ بھی ہوا اور 951پوائنٹ کی کمی بھی۔کاروباری حجم بھی ایک دن قبل کے مقابلہ میں کم تھا جبکہ زیادہ سرگرمی ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، پاور، ٹرانسپورٹ، ریفائنری اور سیمنٹ سیکٹر میں تھی۔گزشتہ روز سیل کا زیادہ پریشر میوچل فنڈز کی طرف سے ہی تھا،ساتھ ہی بینکوں، اداروں، بروکروں اور انشورنس سیکٹر کی بھی نیٹ سیلنگ تھی۔ان کے برعکس بیرونی اداروں، مقامی، نجی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے نیٹ خریداری کی،مارکیٹ پر اثر انداز عناصر میں امریکہ، ایران کشیدگی میں شدت،امریکہ کا مزید فوج بھیجنے کا اعلان،مدینہ شریف پر ڈرون حملہ،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ،ملک میں مہنگائی بڑھنا اور کاروباری سرگرمیوں اور صنعتی پیداوار میں کمی شامل تھے۔اختتام پر انڈیکس 481پوائنٹ کم ہو کر 168155پر آ گیا،128کمپنیوں میں اضافہ،321میں کمی اور 45میں استحکام رہا،صرف 49کروڑ 39لاکھ حصص کا کاروبار ہو سکا۔