ٹرمپ کا اوول آفس گرانے کی تجویز مسترد کرنے کا دعویٰ

03 اکتوبر ، 2026

کراچی (نیوز ڈیسک) صدر ٹرمپ نے اوول آفس گرانے کی تجویز مسترد کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکرٹ سروس حکام نے موجودہ اوول آفس گرا کر نیا کمرہ تعمیر کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹائم میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سیکرٹ سروس کے ایک عہدیدار نے انہیں اوول آفس گرا کر نیا دفتر تعمیر کرنے کی تجویز دی تھی۔ ٹرمپ کے مطابق عہدیدار نے کہا کہ ’’سر، ہمارا خیال ہے کہ اوول آفس کو گرا دینا چاہیے اور نیا تعمیر کرنا چاہیے‘‘، جس پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ ’’میری طرف سے ایسا نہیں ہوگا، آپ نیا نہیں بنا سکتے، یہ ایک خاص جگہ ہے۔‘‘ ٹرمپ نے مزید بتایا کہ وہ اوول آفس کو وفاقی تاریخی مقام قرار دینے کے امکان کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، جس سے ان کی جانب سے کی جانے والی تبدیلیوں کو مستقبل میں محفوظ رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔