مہنگائی کا دباؤ برقرار، سالانہ شرح 11.53 فیصد،20اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

03 اکتوبر ، 2026

ملتان(سٹاف رپورٹر) ملک میں مہنگائی کا دباؤ برقرار، ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 10 اشیا سستی جبکہ 21 کی قیمتیں مستحکم رہیں، یکم اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.53 فیصد رہی جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چکن کی قیمت میں 7.25 فیصد، لہسن 1.85 فیصد، دال چنا 1.30 فیصد، ایل پی جی 1.17 فیصد، انڈوں کی قیمت میں 0.72 فیصد اور چاول کی قیمت میں 0.55 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پیاز، واشنگ صابن اور گندم کے آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر ڈیزل 3.43 فیصد، کیلے 1.52 فیصد، چینی 1.05 فیصد، آلو 0.96 فیصد اور پٹرول 0.65 فیصد سستا ہوا۔ سالانہ بنیادوں پر پیاز کی قیمت میں سب سے زیادہ 114.20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ایل پی جی 66.59 فیصد، بجلی کے نرخ 58.59 فیصد، ڈیزل 44.50 فیصد، پٹرول 44.05 فیصد اور گندم کا آٹا 32.65 فیصد مہنگا ہوا۔ دوسری جانب سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر 45.52 فیصد، آلو 39.54 فیصد، چینی 21.95 فیصد اور انڈے 17.47 فیصد سستے ہوئے۔ شہریوں نے مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر چند اشیا کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مجموعی طور پر گھریلو بجٹ مسلسل متاثر ہو رہا ہے۔