ڈیرہ، فتنۃ الخوارج کے پولیس چوکیوں پر ڈرون سے بم حملے، جوابی کاروای پر دہشتگرد فرار

03 اکتوبر ، 2026

ڈیرہ غازیخان، تونسہ شریف (نمائندہ جنگ، نامہ نگار) فتنۃ الخوارج دہشتگردوں کی جانب سے تحصیل تونسہ تھانہ وہوا کی چوکیوں، جھنگی اور لکھانی پر ڈرون سے بم حملے کیے گئے، لکھانی چیک پوسٹ پر ڈرون حملے میں ایک ملازم معمولی زخمی ہوا، پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے ناکام بنا دیے۔ دہشتگرد فرار ہو گئے۔ دہشتگردوں نے ڈرون سے چیک پوسٹ جھنگی پر 3 بم گرائے، ایک بم چھت پر گرا اور دو باہر گرے۔ اسی طرح لکھانی پر دو بم گرائے گئے ایک چھت پر گرا اور دوسرا صحن میں گرا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈیرہ غازیخان، ڈی ایس پی تونسہ شریف سمیت پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ ڈی پی او صادق بلوچ نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔