اربوں روپے کے بلاسود قرضے فراہم کرنیوالی پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن بند کرنے کا فیصلہ

03 اکتوبر ، 2026

لاہور (محمد صابر اعوان سے ) پنجاب میں ڈاکٹروں کو بلاسود قرضے فراہم کرکے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع دینے والی پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کو بند کرنے کا معاملہ سامنے آ گیا۔ 1992ء میں قائم ہونے والے اس ادارے نے اب تک 2100 سے زائد ڈاکٹرز کو ڈھائی ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے، جن سے 2100 صحت مراکز قائم اور 10 ہزار افراد کو روزگار ملا۔ فاؤنڈیشن کی قرضوں کی واپسی کی شرح 98 فیصد سے زائد ہے، جبکہ ادارہ اپنے انتظامی اخراجات بھی خود برداشت کر رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے بینک اکاؤنٹ میں ایک ارب 32 کروڑ 80 لاکھ روپے موجود ہیں، جبکہ ادارے نے اپنے انتظامی اخراجات کے لیے حکومت سے مالی معاونت بھی حاصل نہیں کی۔ اس کے باوجود فاؤنڈیشن کی بندش کا معاملہ زیر غور ہے، جس پر ادارے کی کارکردگی اور مالی خودکفالت کے تناظر میں سوالات اٹھ رہے ہیں۔فاؤنڈیشن کے قیام کا بنیادی مقصد ڈاکٹروں کو آسان شرائط پر بلاسود قرضے فراہم کرکے نجی طبی مراکز کے قیام کو فروغ دینا تھا۔ ادارے کی خدمات کے باعث نہ صرف طبی سہولیات میں اضافہ ہوا بلکہ ہزاروں افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے۔ خود کفیل اور عوامی خدمات انجام دینے والے اس ادارے کی بندش سے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے مستقبل پر بھی سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کی بندش کا معاملہ زیر غور ہے اور اس حوالے سے فیصلہ حکومتی کفایت شعاری اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔ اکیڈمی آف فیملی فزیشن کے سربراہ ڈاکٹر طارق میاں نے کہا ہے کہ ہیلتھ فاؤنڈیشن کو بند کرنے کا اقدام انتہائی نامناسب اور پرائیوٹ ہیلتھ سیکٹر کا گلہ گھونٹنے سے صوبہ بھر میں ہیلتھ ڈلیوری سسٹم متاثر ہو گا انہوں نے بتایا کہ سرکاری اور نجی میڈیکل کالجز سے ہر سال 20 سے 25 ہزار ڈاکٹر فارغ التحصیل ہو رہے ہیں حکومت کے پاس نوکریاں نہیں ہیں اس کے بعد اجاکر یا تو ڈاکٹر باہر چلا جائے یا اسےسرکاری نوکری مل جائے یا پھر پرائیویٹ سیکٹر ہے اور پھر اتنے زیادہ ڈاکٹروں کو حکومت کو نوکری دینے سے تو رہی بیرون ملک بھی جاب ملنا مشکل ہو گئی ہے اجا کر پرائیویٹ سیکٹر بچ جاتا ہے یہ بلا سود قرضہ تھا کوئی ڈاکٹر نرس یا فارماسسٹ قرض لے کر اپنا کلینک کھول سکتا ہے تو اگر حکومت اس کو بھی ختم کر دے گی تو پھر ڈاکٹر کہاں جائیں گے ہیلتھ فاؤنڈیشن سے قرضہ لینے اور واپس دینے کی شرح بھی بہت اچھی ہے۔