پاکستان کو آگے بڑھانا ہے تو پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ،عظمیٰ بخاری

03 اکتوبر ، 2026

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کو آگے بڑھانا ہے تو پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واضح مؤقف ہے کہ حکومتیں تبدیل ہوتی رہیں لیکن قومی ویژن اور عوامی فلاح کی پالیسیاں تبدیل نہیں ہونی چاہئیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کسی ایک صوبے، حکومت یا سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ملک کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے بنائی جانے والی پالیسیوں کو سیاسی تبدیلیوں کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر آج بنائی جانے والی پالیسی کل صرف سیاسی تبدیلی کی وجہ سے ختم یا تبدیل ہو جائے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ پاکستان کو وقتی سیاسی ایجنڈوں کے بجائے مستقل قومی ویژن اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ حکومتوں کی تبدیلی کے باوجود عوامی فلاح، معاشی ترقی اور ملکی مفاد سے متعلق پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہے۔