بھارت، فلمی وراثت اور اسٹوڈیو ملکیت کی لڑائی، 13 سالہ پرانا قانونی تنازع پھر سرگرم

03 اکتوبر ، 2026

کراچی (رفیق مانگٹ)بھارت، فلمی وراثت اور اسٹوڈیو ملکیت کی لڑائی، 13 سالہ پرانا قانونی تنازع پھر سرگرم، فلمساز کمال امروہی کے خاندان اور اداکارہ پریٹی زنٹا کےقرض اور جائیداد کے دعووں پر نئی بحث شروع ، پریتی زنٹا نے کہا ہے کہ شاندار امروہی کو 6 کروڑ روپے بطور قرض واپسی کی یقین دہانی پردیئے تھے تحفہ نہیں تھے، امروہی خاندان کا کہنا ہے کہکوئی قانونی دستاویز موجود نہیں، تاجدار امروہی کے پریٹی کے دعووں سے متعلق بنیادی سوالات سامنے آگئے۔ بالی ووڈ کے سینئر فلمساز کمال امروہی کے خاندان اور اداکارہ پریتی زنٹا کے درمیان 13 سال پرانا قانونی تنازع ایک بار پھر خبروں میں ہے، جس نے فلمی وراثت، مبینہ قرض اور جائیداد کے دعووں کو نئی بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔ معاملہ پونے 6 کروڑ روپے کے مبینہ قرض اور اس پر 18 فیصد سود کے ساتھ 2 کروڑ 31 لاکھ اضافی رقم کے مطالبے سے شروع ہو کر اب 17 ارب 32 کروڑ روپے(600 کروڑ بھارتی روپے) کی مبینہ وراثت کی تردید تک جا پہنچا ہے۔یہ کیس، جو 2013 سے ممبئی ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، نہ صرف مالی لین دین کے دعووں پر سوال اٹھاتا ہے بلکہ کمال امروہی کی قائم کردہ فلمی املاکمحل پکچرز اور کمالستان اسٹوڈیوکی ملکیت کے دیرینہ تنازع کو بھی دوبارہ سامنے لے آیا ہے۔ حالیہ پیش رفت میں شاندار امروہی کے بھائی تاجدار امروہی نے قرض کے دعوے پر بنیادی شکوک و شبہات اٹھاتے ہوئے دستاویزی ثبوت، رسیدوں اور گواہوں کی موجودگی جیسے سوالات کو مرکزی حیثیت دے دی ہے۔دوسری جانب فریقین کے بیانات کے مطابق شاندار امروہی اور پریتی زنٹا کے درمیان تعلقات 2005 سے شروع ہوئے، جو بعد ازاں جائیداد اور مالی معاملات کے پس منظر میں پیچیدہ قانونی جنگ میں تبدیل ہو گئے۔ شاندار امروہی کے 2011 میں انتقال کے باوجود یہ تنازع آج بھی عدالت میں زیر غور ہے اور کسی حتمی فیصلے تک نہیں پہنچ سکا، جس سے یہ مقدمہ بھارتی فلمی صنعت کے طویل ترین زیر سماعت مالی تنازعات میں شمار ہو رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق امروہی اور پریتی زنٹا کی پہلی ملاقات 2005 میں ممبئی کے ایک ہوٹل میں ہوئی، جس کے بعد دونوں کے درمیان ذاتی تعلق قائم ہوا۔ جنوری 2010 میں جب شاندار امروہی اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ جائیداد کے تنازع میں الجھے، تو پریتی زنٹا نے ان کی کھل کر حمایت کی، جس میں اخلاقی اور مبینہ مالی معاونت بھی شامل رہی۔2010–2011 کے دوران شاندار امروہی کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا کہ وہ اپنی جائیداد، جس کی مالیت تقریباً17 ارب 32 کروڑ روپے( 600 کروڑ بھارتی روپے) بتائی جاتی تھی، پریتی زنٹا کے نام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔تاہم پریتی زنٹا نے اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہیں کسی جائیداد کی ضرورت نہیں۔2026 میں تاجدار امروہی نے اس دعوے کو مکمل طور پر رد کرتے ہوئے کہا کہ17 ارب 32 کروڑ روپے کی ایسی کوئی وراثت موجود نہیں تھی-