جامعہ زکریا کے چیف سکیورٹی افسر اور اکیڈمک سٹاف عہدیدار کے مابین کشیدگی برقرار،معاملہ پولیس تک پہنچ گیا

03 اکتوبر ، 2026

ملتان (سٹاف رپورٹر)جامعہ زکریا کے چیف سیکیورٹی آفیسر اوراکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (اے ایس اے) کے جنرل سیکرٹری کے مابین کشیدگی برقرار،معاملہ پولیس تک پہنچ گیا،فریقین کا صلح کرنے سے اجتناب ، تفصیل کے مطابق جامعہ زکریا کے چیف سیکیورٹی آفیسر ڈاکٹر عثمان سلیم اور اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (اے ایس اے) کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سیف اللہ قریشی کے مابین پیش آنے والے جھگڑے کے بعد فریقین میں کشیدگی برقرار ہے، اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق پولیس نے تمام دستیاب شواہد کی بنیاد پر ڈاکٹر عثمان سلیم کو اس معاملے میں قصوروار ٹھہرایا،جب کہ چیف سیکورٹی آفیسر نے پولیس کی جانب سے انہیں قصور وار دینے جانے کی بات کو بے بنیاد قرار دیا،دوسری جانب یونیورسٹی ٹیچرز فورم (یو ٹی ایف) کی سپریم کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈاکٹر عثمان سلیم سے لاتعلقی کا اعلان کیا گیا،تاہم اس حوالے سے جب یوٹی ایف کے صدر ڈاکٹر آصف سلیم سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے اپنا فون اٹینڈ نہیں کیا،دریں اثناء مذکورہ جھگڑے کے واقعے کو 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سےاس معاملہ پر خاموشی ہے۔