پاکستان میں معلومات تک رسائی کے حق کا نظام مضبوط بنانے کیلئے یونیسکو متحرک

03 اکتوبر ، 2026

لاہور (آصف محمود بٹ) پاکستان میں معلومات تک رسائی کے حق کا نظام مضبوط بنانے کیلئے یونیسکو متحرک۔ معلومات کی صحت و سالمیت پر قومی مکالمہ 7اکتوبر کو ہوگا ، خصوصی افراد کیلئے معلومات کی دستیابی بہتر بنانے پر بھی غور ہوگا ۔پاکستان میں معلومات تک رسائی کے نظام کو مزید مؤثر، قابلِ اعتماد معلومات تک عوام کی رسائی یقینی بنانے، مصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے تناظر میں شفافیت اور عوامی اعتماد کے فروغ کیلئے یونیسکو کے زیر اہتمام قومی سطح پر اہم مشاورت ہوگی۔ وفاقی و صوبائی انفارمیشن کمیشنز، سرکاری اداروں، میڈیا، سول سوسائٹی، تعلیمی و تحقیقی حلقوں اور ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت کے ماہرین 7 اکتوبر کو اسلام آباد میں آٹھویں نیشنل فورم آف انفارمیشن کمشنرز اور نیشنل ملٹی اسٹیک ہولڈر سیمینار میں شرکت کریں گے۔یونیسکو آفس پاکستان اور نیشنل فورم آف انفارمیشن کمشنرز (NFIC) کے اشتراک سے ہونے والے اس پروگرام کا انعقاد 28 ستمبر کو منائے جانے والے عالمی یوم برائے معلومات تک رسائی 2026 کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے۔ رواں برس عالمی دن کا موضوع ’’معلومات کی صحت و سالمیت کے فروغ کیلئے معلومات تک رسائی‘‘ مقرر کیا گیا ہے، جس کا محور ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت سے تشکیل پانے والے تیزی سے بدلتے ہوئے معلوماتی ماحول میں معلومات کے معیار، قابلِ اعتماد ہونے، صداقت اور عوام کیلئے قابلِ رسائی ہونے کو یقینی بنانا ہے۔ عالمی یومِ رسائی برائے معلومات اس بنیادی اصول کو اجاگر کرتا ہے کہ معلومات تک رسائی شہریوں کا بنیادی حق اور شفاف حکمرانی، احتساب، پائیدار ترقی اور باخبر عوامی شرکت کی بنیاد ہے۔ 2026 کے موضوع کے تحت شفاف اداروں، آزاد نگرانی، ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال اور صحافت کے کردار کے ذریعے عوامی اعتماد کے فروغ پر بھی غور کیا جائے گا۔