وزیرِ مملکت عبدالرحمان کانجو کا بیت المال ریجنل آفس اور پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ

03 اکتوبر ، 2026

ملتان(سٹاف رپورٹر)وزیرِ مملکت برائے توانائی (پاور ڈویژن) عبدالرحمان خان کانجو نے پاکستان بیت المال ریجنل دفتر جنوبی پنجاب ملتان کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر پاکستان بیت المال جنوبی پنجاب رانا رمضان طاہر نے انہیں پاکستان بیت المال کے جاری فلاحی منصوبوں، عوامی خدمت اور جنوبی پنجاب میں ادارے کی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیرِ مملکت نے پاکستان سویٹ ہوم ملتان کا دورہ کیا۔ انہوں نے پاکستان سویٹ ہوم میں مقیم بچوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی، ان کے مسائل اور ضروریات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور بچوں کے ساتھ گفتگو کی۔ وزیرِ مملکت نے پاکستان سویٹ ہوم میں بچوں کو فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انچارج پاکستان سویٹ ہوم ملتان میڈم فرح ملک نے انہیں پاکستان سویٹ ہوم ملتان کے انتظامی امور، بچوں کو فراہم کی جانے والی رہائشی، تعلیمی، غذائی اور دیگر سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔