گورنر راج ناپسندیدہ عمل، لانگ مارچ سے گریز کریں، رانا ثناء، مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے، اخونزادہ یوسفزئی

03 اکتوبر ، 2026

کراچی (ٹی وی رپورٹ) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی اُمور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کسی صوبے میں گورنر راج لگانا ایک ناپسندیدہ عمل ہے ،لانگ مارچ سے گریز کریں۔  لانگ مارچ کرنا ہے تو خیبرپختونخوا میں کریں ،ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ مذاکرات خوش آئند، مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے، پرامن جمہوری حق استعمال کرینگے۔ سینئر رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا کہ دہشت گردی سے متعلق ہم اپنی پوزیشن پرکھڑے ہیں۔ تینوں مہمان جیو نیوز کے پروگرام’ نیا پاکستان‘ میں شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایک مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے۔ نمائندہ جیو نیوز وقارستی کے ذرائع کے مطابق محسن نقوی اور رانا ثنا نے وزیراعظم شہباز شریف کو مذاکرات کی پیشکش سے آگاہ کر دیا ہے نمائندہ جیو نیوز حیدر شیرازی کے ذرائع کے مطابق حکومت نے اپوزیشن پر واضح کر دیا ہے کہ احتجاج اور انتشار سے رعایتیں نہیں ملیں گی۔ ۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم برائے سیاسی اُمور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وفد کے ساتھ ملاقات میں ماحول خوشگوار تھا اور ان سے دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی یہ طے ہوا ہے کہ ایسی کوئی بات نہ کی جائے جو کل کی ملاقات پر اثر انداز ہو۔ اپوزیشن سے کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ کی طرف نہ جائیں۔ اپوزیشن نے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں مقدموں اور ملاقاتوں پربات کی۔ خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور معاونت درکار ہے۔ لانگ مارچ کرنا ہے تو خیبرپختونخوا میں کریں۔ پی ٹی آئی وفد کو کہا ہے اپنے مطالبات کے لئے سیاسی طریقہ کار اپنائیں اور تشدد کے راستے پر نہ جائیں۔ دوسرے سیشن میں پی ٹی آئی کی طرف سے زیادہ بات چیت بیرسٹر گوہر اور ناصر عباس نے کی۔ ہماری طرف سے بات چیت خیبرپختونخوا کی حکومت سے متعلق تھی۔