حکومت مذاکرات، وفاقKPحکومت سےدہشتگردی کیخلاف حمایت کاخواہاں، مارچ منسوخی آگے بڑھنے کاواحدراستہ

03 اکتوبر ، 2026
انصار عباسی
اسلام آباد:… حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر واضح کیا ہے کہ کسی بھی بامعنی پیش رفت کیلئے پارٹی کو دو بڑے معاملات پر توجہ دینا ہوگی: دہشت گردی کیخلاف جنگ میں خیبر پختونخوا حکومت کا کردار اور اسلام آباد کی جانب مجوزہ مارچ۔ جمعہ کو حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے آگاہ ذرائع کے مطابق حکومتی فریق نے خیبر پختونخوا میں سکیورٹی کی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں مصروف قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کو صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی ناکافی معاونت پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق، حکومت کا موقف تھا کہ اگر مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا اور تعلقات میں بہتری لانا ہے تو خیبر پختونخوا حکومت کو دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل اور غیر مشروط حمایت کرنا ہوگی۔ حکومتی فریق نے یہ بھی واضح کیا کہ دہشت گردی کے معاملے پر سیاسی بیانیے میں کسی قسم کا ابہام یا اختلافِ رائے نہیں ہونا چاہئے کیونکہ صوبائی حکومت سے توقع ہے کہ وہ ریاست کی انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کی مکمل حمایت کرے گی۔ اپوزیشن کا عمران خان سے ملاقات میں سہولت کاری، طبی امداد، جھوٹے مقدمات ختم کرنے اور سیاسی گرفتاریوں کے سدباب کا مطالبہ ،حکومتی فریق نے کہا کہ دہشتگردی پر کوئی اختلاف رائے نہیں ہونا چاہئے، ذرائع نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مجوزہ مارچ کے حوالے سے فیصلہ آج ہونے کا امکان ، جو فریقین کے درمیان مذاکرات کی آئندہ سمت کے تعین میں انتہائی اہم ثابت ہو سکتا ہے۔