سیکریٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض دو ممالک کے درمیان سفارتی روابط کا نام نہیں بلکہ یہ دینی عقیدت، اسلامی اخوت، تاریخی وابستگی، باہمی احترام اور عوامی محبت کے مضبوط رشتوں پر قائم ایک منفرد تعلق ہے۔ دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک دوسرے کے ساتھ غیر معمولی محبت اور خیر خواہی کے جذبات سے وابستہ ہیں اور یہی تعلق پاک سعودی دوستی کی سب سے بڑی قوت ہے۔سعودی عرب پاکستان کے لیے اس اعتبار سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ مسلمانوں کے مقدس ترین مراکز ہیں۔ پاکستان کے عوام کے دل حرمین شریفین کی محبت سے معمور ہیں اور سعودی عرب کی سرزمین، خصوصاً حرمین شریفین کی خدمت اور زائرینِ حرمین کے لیے سہولیات کی فراہمی کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پاک سعودی تعلقات کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان میں آنے والےسیلاب ہوں، زلزلے ہوں یا دیگر قدرتی آفات، سعودی عرب نے مختلف مواقع پر پاکستانی عوام کی امداد اور بحالی کے کاموں میں تعاون کیا ہے۔قدرتی آفات کے مواقع پر سعودی حکومت اور عوام کی طرف سے پاکستان کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور امداد کا اظہار اس بات کی علامت ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات صرف سفارتی سطح تک محدود نہیں بلکہ انسانی اور عوامی سطح پر بھی گہری جڑیں رکھتے ہیں۔اسی طرح سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط انسانی پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں اور دونوں برادر ممالک کے درمیان معاشی، سماجی اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنتے ہیں_لاکھوں مسلمان حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے حجاز مقدس کا سفر کرتے ہیں۔پاکستانی عوام سعودی عرب میں حجاج اور معتمرین کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات، انتظامات اور خدمت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ حرمین شریفین کی خدمت ایک عظیم دینی ذمہ داری ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اس حوالے سے سعودی عرب کے کردار کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا امن و سکون کسی ایک ملک یا خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔موجودہ حالات میں سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور مختلف مسلح تنازعات نے پورے خطے کے امن کو متاثر کیا ہے۔لاکھوں پاکستانیوں کے روزگار اور معاشی ضروریات کا بھی اس سے گہرا تعلق ہے۔ سعودی عرب کا امن و استحکام پاکستانی عوام کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کی جانب سے کیے جانے والے ڈرون اور میزائل حملوں نے خطے کی سلامتی کے حوالے سے مزید تشویش پیدا کی ہے۔ خصوصاً مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے حوالے سے کسی بھی قسم کا خطرہ پوری امت مسلمہ کے لیے انتہائی حساس معاملہ ہے۔حرمین شریفین کا تقدس اور سلامتی ہر مسلمان کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی طرف کسی بھی قسم کی جارحیت یا خطرے کو معمول کا علاقائی تنازع سمجھنا درست نہیں ہوگا۔ ان مقدس مقامات کی حفاظت، امن اور تقدس کا برقرار رہنا پوری امت کی ذمہ داری ہے۔انہی بدلتے ہوئے علاقائی حالات میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ ایک اہم پیش رفت ہے۔مکہ مکرمہ میں ہونے والے اس معاہدے نے تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور باہمی سلامتی کے عزم کو ایک نئے مرحلے میں داخل کیا ہے۔ اس معاہدے کی اہمیت اس اعتبار سے بھی ہے کہ یہ تین برادر مسلم ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید منظم کرنے کی کوشش ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے سے موجود دفاعی، عسکری اور سکیورٹی تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔ پاکستانی فوج کے افسران اور جوانوں نے سعودی عرب کے ساتھ مختلف ادوار میں تربیت اور دفاعی تعاون کے شعبوں میں خدمات انجام دی ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان عسکری رابطے مسلسل قائم رہے ہیں۔مکہ ایگریمنٹ اسی وسیع تر تعاون کو مزید آگے اور مسلم ممالک کے باہمی اتحاد بڑھانے کی ایک قابل تحسین کوشش ہے۔پاک سعودی تعلقات کی بنیادیں اتنی گہری ہیں کہ انہیں کسی ایک حکومت، ایک دور یا کسی ایک واقعے تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ یہ تعلقات عوامی، مذہبی، معاشی، تعلیمی، دفاعی اور سفارتی سطح پر مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود اعتماد کو مزید مضبوط کیا جائے، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے جائیں، نوجوانوں کے لیے تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع پیدا کیے جائیں اور دینی و ثقافتی روابط کو مزید فروغ دیا جائے۔خصوصاً پاکستانی نوجوانوں اور سعودی عرب کے نوجوانوں کے درمیان علمی، تعلیمی اور ثقافتی روابط مستقبل میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔موجودہ حالات میں پاکستان میں سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح بن طمی البقمی کی تقرری اور آمد بھی خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ نئے سفیر ڈاکٹریٹ کی ڈگری اور فوجی پس منظر رکھتے ہیں اس اعتبار سے وہ اس وقت کا ایک بہترین انتخاب ہیں_وہ ایسے وقت میں پاکستان تشریف لائے ہیں جب دونوں ممالک کے تعلقات ،دفاع، سلامتی، معیشت، سرمایہ کاری، مذہبی روابط اور عوامی سطح پر تعاون کے حوالے سے اہم مرحلے میں ہیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ ڈاکٹر راجح بن طمی البقمی کے دورِ سفارت میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تعلیمی، دفاعی، مذہبی اور عوامی روابط کو نئی وسعت ملے گی۔پاکستانی قوم سعودی عرب کو اپنا برادر اسلامی ملک سمجھتی ہے اور سعودی عرب کے امن، استحکام، خودمختاری اور حرمین شریفین کی سلامتی کے لیے ہمیشہ خیر خواہی کے جذبات رکھتی ہے۔اللہ تعالیٰ حرمین شریفین کو ہمیشہ امن و سلامتی کا مرکز بنائے، مملکت سعودی عرب کو امن و استحکام عطا فرمائے، پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات میں مزید خیر و برکت عطا فرمائے اور دونوں ممالک کو امت مسلمہ کے وسیع تر مفاد، امن اور خیر کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
مزید خبریں
-
دیدنی شے ہیں صدرِ امریکہاُن کے دم سے ہے دہر میں ہلچل ویسے تو ٹھیک ٹھاک ہیں ممدوحصرف اُن کے دماغ میں ہے خلل
-
سابق وفاقی وزیرِ صحت3 نومبر کے امریکی مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی شاندار کامیابی، جس کے نتیجے میں...
-
کبھی کبھی مجھ پر غنودگی سی طاری ہو جاتی ہے اور عجیب بات یہ ہے کہ یہ طاری اس وقت ہوتی ہے جب میں صبح اپنے مقررہ...
-
پاکستان آج ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں اسے محض سیاسی نعروں، وقتی معاشی اقدامات اور اقتدار کی کشمکش سے...