کاروباری سرگرمیوں میں آسانی کے لیے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر ہیں، شہاز شریف

03 اکتوبر ، 2026

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاروباری سرگرمیوں میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر ہیں۔ حکومت کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے اور غیر ضروری ضابطہ کاری کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اپنی زیر صدارت ریگولیٹری اصلاحات کے حوالے سےبلائے گئے اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری کے فروغ اور ریگولیٹری نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان(DRAP) میں اصلاحات کے ذریعے اسے جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے، اسی طرز پر دیگر ریگولیٹری اداروں میں بھی اصلاحات لائی جائیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریگولیٹری رجسٹری تشکیل دی جائے تاکہ ملک میں موجود تمام ریگولیٹری تقاضوں اور قواعد و ضوابط کو ایک جامع نظام کے تحت مرتب کیا جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے لیے آسان کاروبار ایکٹ کو ملک بھر میں نافذ کیا جائے تاکہ تمام صوبوں میں ریگولیٹری نظام میں ہم آہنگی پیدا ہو اور کاروباری افراد کو یکساں سہولیات میسر آئیں۔