گورنر راج ناپسندیدہ عمل، لانگ مارچ سے گریز کریں، رانا ثناء، مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے، اخونزادہ یوسفزئی

03 اکتوبر ، 2026

کراچی (ٹی وی رپورٹ) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی اُمور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کسی صوبے میں گورنر راج لگانا ایک ناپسندیدہ عمل ہے ،لانگ مارچ سے گریز کریں۔  لانگ مارچ کرنا ہے تو خیبرپختونخوا میں کریں ،ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ مذاکرات خوش آئند، مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے، پرامن جمہوری حق استعمال کرینگے۔ سینئر رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا کہ دہشت گردی سے متعلق ہم اپنی پوزیشن پرکھڑے ہیں۔ تینوں مہمان جیو نیوز کے پروگرام’ نیا پاکستان‘ میں شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔ مشیر وزیراعظم برائے سیاسی اُمور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وفد کے ساتھ ملاقات میں ماحول خوشگوار تھا اور ان سے دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی یہ طے ہوا ہے کہ ایسی کوئی بات نہ کی جائے جو کل کی ملاقات پر اثر انداز ہو۔ اپوزیشن سے کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ کی طرف نہ جائیں۔ اپوزیشن نے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں مقدموں اور ملاقاتوں پربات کی۔ خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور معاونت درکار ہے۔ لانگ مارچ کرنا ہے تو خیبرپختونخوا میں کریں۔