نئے سروس رولز سے طے شدہ سنیارٹی متاثر نہیں کی جاسکتی ، سپریم کورٹ

03 اکتوبر ، 2026

اسلام آباد (اے پی پی) سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ نئے قوانین اور سروس رولز عمومی طور پر مستقبل کے معاملات پر لاگو ہوتے ہیں، ماضی سے انکا اطلاق کرکے ملازمین کی طے شدہ سنیارٹی، ترقی کیلئے اہلیت اور حاصل شدہ حقوق کو متاثر نہیں کیا جا سکتا، جب تک قانون میں ماضی سے اطلاق کی واضح ہدایت موجود نہ ہو۔ نئے قواعد ماضی کی صورتحال یا پہلے سے حاصل شدہ حقوق میں مداخلت نہیں کر سکتے، کیونکہ قوانین کے مستقبل سے اطلاق کا اصول ملازمین کے حاصل شدہ حقوق کے تحفظ کیلئے اہم ہے۔جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل تین رکنی بینچ نے واپڈا کے اسسٹنٹ سٹیشن اٹینڈنٹس کی سنیارٹی سے متعلق 25 سول پٹیشنز پر فیصلہ سناتے ہوئے وفاقی سروس ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا اور واپڈا کی درخواستیں خارج کردیں۔