معرکہ حق کی عظیم فتح اجاگر کرنے کیلئےیادگار فتح کی شاندار تقریب رونمائی

04 اکتوبر ، 2026

اسلام آباد (عاطف شیرازی) معرکہ حق میں کامیابی اور دفاع وطن کے عزم کی یاد میں جدید ترین ’یادگار فتح‘ کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی، تقریب میں مسلح افواج کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیاجدید طرز تعمیر سے تیار کی گئی۔ یادگار میں پروجیکشن میپنگ کا جدید نظام نصب کیا گیا جس کے ذریعے یادگار کی عمارت پر روشنی، تصاویر اور ویڈیو کو اس کے مختلف حصوں کے مطابق پیش کیا گیاجبکہ موسیقی اور روشنیوں کو بھی اس کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا ۔ تقریب کے دوران اسی ٹیکنالوجی کے ذریعے شرکا کو ’یادگار فتح‘ کی تعمیر کی مکمل کہانی دکھائی گئی۔ تقریب میں کھیلوں کی دنیا سے چاچا کرکٹ، نوجوان بلے باز رضا اللہ اور خواتین کرکٹ کی کھلاڑی ایمان نصیر عباسی سمیت مختلف شخصیات نے شرکت کی۔ چاچا کرکٹ نے خطاب کرتے ہوئے معرکہ حق میں کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور حرمت کے لیے جانوں کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوا، علامہ اقبالؒ نے اس کا خواب دیکھا جبکہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اپنی جدوجہد سے اسے عملی شکل دی۔ انہوں نے شرکا کے ساتھ ’جیوے جیوے پاکستان‘ اور ’سب سے پیارا پاکستان‘ کے نعرے بھی لگائے۔ قومی کرکٹر رضا اللہ نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے، اللہ تعالیٰ کرکٹ کے میدان اور جنگ کے محاذ سمیت ہر میدان میں پاکستان کو کامیابی عطا فرمائے۔