احسن بھون اور امجد شاہ کے ساتھ مکالمہ کرنے کو تیار ہوں، کیپٹن صفدر

04 اکتوبر ، 2026

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر اعوان نے کہا ہے کہ  احسن بھون اور امجد شاہ کے ساتھ مکالمہ کرنے کو تیار ہوں اور اگر میں ان سے ہار گیا تو ان سے معذرت بھی کروں گا اور اپنی باتوں کو واپس بھی لے لوں گا   اعظم نذیر تارڑ قانون کے دائرے میں رہیں، عورت کو جیل میں رکھنا مریم کی تربیت نہیں ہے مریم نے بانی کی بہنوں کو گرفتار نہیں کرایا میں بھی عمران خان سے لاکھ اختلاف رکھتا ہوں مگر اس حق میں نہیں ہوں کہ اُن کی بہنوں کو گرفتار رکھا جائے اور بشری کے کیسز کا جلد فیصلہ ہونا چاہئے، سرخ سبز ڈائری پر کتاب لکھ رہا ہوں، ڈر ہے مجھے کوئی شمالی علاقہ جات نہ لے جائے، اعظم نذیر تارڑ قانون کے دائرے میں رہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن صفدر نے مزید کہا کہ میں کتاب لکھ کر رہا ہوں شائع کروں گا یا نہیں ابھی نہیں بتا ؤں گا ایک سرخ ڈائری ہے ایک سبز ڈائری ہے دونوں پر لکھتا ہوں ابھی کچھ نہیں بتانا چاہتا ایسا نہ ہو کوئی مجھے اُٹھا کر شمالی علاقہ جات لے جائے۔کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ احسن بھون راستہ میں آگئے نسرین پروین گروپ کو ووٹ نہیں پڑنے تھے اور ان کی ڈگری کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون کو فون کیا کہ اس امیدوار کو نہ لائیں۔ یہ اپنی ڈگری دکھادیں میں اپنا امیدوار واپس لے لوں گا۔ ہمارے عدالتی نظام کو آزاد ہونا چاہئے ججز کی تقرری کے معاملات غلط ہے ججز کو اُٹھا کر دوسرے صوبوں میں بھیجنا صحیح نہیں چونکہ اکثر ججز کی مقامی زبان سے ناواقیت بھی کیسز پر اثر ڈالتی ہے جس نے بھی یہ قانون سازی کی غلط کی ہے۔یہ چاہتے ہیں کہ کمزور لوگ لائیں جنہیں پتہ ہو کہ میری ڈگری جعلی ہے کسی کا کیس آئینی عدالت میں پڑا ہوا ہے تو یہ ہمارے اشاروں پر چلتا رہے گا۔ اعظم نذیر تارڑ قانون کے دائرے میں رہیں۔ وکیل نہیں لیکن قانون دان تو ہوں۔ میں جرگہ میں بیٹھ کر جرگہ کرنے کو تیار ہوں احسن بھون اور امجد شاہ کے ساتھ مکالمہ کرنے کو تیار ہوں اور اگر میں ان سے ہار گیا تو ان سے معذرت بھی کروں گا اور اپنی باتوں کو واپس بھی لے لوں گا۔ کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ فیض حمید اس دن ناکام ہوگیا تھا جس دن کیپٹن صفدر کو پختونخوں کی سرزمین پر ہتھکڑی نہیں لگا سکا تھا۔ میڈیا پر سنا ہے کہ مجھے نوٹس دیا گیا ہے بہرحال ابھی تک مجھے نوٹس نہیں ملا ہے نوٹس ملے گا تو اس پر بھی پروگرام کروں گا۔ مادرِ ملت سے لے کر ابھی تک جتنے الیکشن ہوئے اس کو شفاف نہیں کہا جاسکتا ۔ میں باغی ضرور ہوں غدار نہیں ہوں۔جہازوں کے سفری اخراجات کا چار چھ سال کے اخراجات کا اگر نئے جہاز کی قیمت سے موازانہ کریں تو کرائے والا مہنگا پڑے گا تین چار سال بعد یہ جہاز پنجاب حکومت کو مفت پڑے گا اگر مریم نواز نے ایک ایسٹ پنجاب حکومت کے لئے بنایا ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں نکالنا چاہئے۔