2پاکستانیوں کودراندازقراردینے کابھارتی دعویٰ مسترد، ناظم الامورکی دفترخارجہ طلبی، سخت احتجاج

04 اکتوبر ، 2026

اسلام آباد ( نیو زرپورٹر) پاکستان نے 2 پاکستانیوں کو در انداز قرار دینے کا بھارتی دعویٰ مسترد کر دیا ، پاکستان نے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اپنے دو شہریوں کے قتل پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا اورواضح کیا کہ بی ایس ایف اہلکاروں نے غیر مسلح شہریوں کیخلاف بلا اشتعال مہلک طاقت کا استعمال کیا ، بھارت ،بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنائے اور متعلقہ دو طرفہ انتظامات اور مسلمہ سرحدی طریقہ کار کی سختی سے پابندی کرے۔ ترجمان نے واقعے کی ، شفاف ،قابلِ اعتماد تحقیقات ، ذمہ دار وں کیخلاف تادیبی اورقانونی کارروائی کابھی مطا لبہ کیا۔ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزارت خارجہ میں بھارتی ناظم الامور کو طلب کیا گیا تاکہ بین الاقوامی سرحد کے بیدیاں سیکٹر میں 2 اکتوبر 2026 کے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کی جانب سے دو پاکستانی شہریوں کے قتل پر پاکستان کا شدید احتجاج درج کرایا جا سکے۔بی ایس ایف کے اہلکاروں نے غیر مسلح شہریوں کے خلاف بلا اشتعال مہلک طاقت کا استعمال کیا۔ترجمان نے کہا کہ طاقت کا یہ استعمال قطعی طور پر غیر ضروری اور انتہائی غیر متناسب تھا جس کے نتیجے میں دو قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان جا ں بحق ہونے وانے والے افراد کو ”درانداز“ قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو واضح مسترد کرتا ہے، اس بات پر زور دیا گیا کہ یہ واقعہ بنیادی انسانی حقوق، بشمول زندگی کے حق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور بین الاقوامی قانون کے تحت شہری زندگی کے تحفظ سے متعلق سنگین خدشات پیدا کرتا ہے۔