دبئی کے ولی عہدکی بھارتی پائلٹ اسمت مچھار سے ملاقات، بوسہ بھی دیا

04 اکتوبر ، 2026

کراچی (نیوز ڈیسک) دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے گزشتہ روزاسپتال میں زیرعلاج بھارتی پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار سے ملاقات کی اوران کی پیشانی پر بوسہ دیا،انہوں نے پائلٹ کاہاتھ تھامااور گلے لگا کر ان کی شجاعت کو خراج تحسین پیش کیا جس کی تصاویر سوشل میڈیاپر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔ تفصیلات کےمطابق دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان نے گزشتہ روز اسپتال میں زیرِ علاج فلائی دبئی کے بھارتی پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار کی عیادت کی، ان کا ہاتھ تھاما، گلے لگایا اورپیشانی پربوسہ دیکر ان کی شجاعت کو خراج تحسین پیش کیا۔متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے اس جذباتی اور احترام سے بھرپور اقدام کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جسے مملکت کی جانب سے پائلٹ کیلئے تشکر اور گہرے احترام کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ شیخ حمدان نے ایکس (ٹویٹر) پر اپنے بیان میں لکھا کہ ’’کیپٹن اسمت مچھارنے شجاعت، ذمہ داری اور انسانی جانوں کے تحفظ کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے ہمیں اور ملکی قیادت کو ان پر فخر ہے‘‘۔